وزیراعظم کا ملک میں چینی باشندوں کی سیکیورٹی بڑھانے کا حکم

2022/04/26 22:51:01
شیئر:

پاکستان کے وزیراعظم نے ملک میں چینی باشندوں اور اداروں کی سیکیورٹی بڑھانے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے چینی سفارتخانے کا دورہ کیا جہاں انہوں نے چینی سفیر سے کراچی واقعے پر تعزیت کی۔

پاکستان کے وزیراعظم نے حکومت اور عوام کی جانب سے چین کی قیادت سے تعزیت کا اظہار کیا جبکہ وزیراعظم نے جامعہ کراچی میں چینی باشندوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ چین کی حکومت اور عوام سے دلی ہمدردی اور افسوس کرتے ہیں، وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کو کل کراچی پہنچنے کی ہدایت کردی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، واقعے کی تیزی سے تحقیقات کرینگے۔ وزیراعظم شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ مجرموں کو قانون کے مطابق عبرت کا نشا ن بنائیں گے اور مجرموں کی گرفتاری اور سزا دلانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ پاکستانی دفتر خارجہ نے کراچی دھماکے کو پاک چین دوستی پر براہِ راست حملہ قرار  دیا ہے۔