پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا حالیہ بم دھماکے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر اظہار افسوس

2022/04/28 11:14:34
شیئر:

ستائیس تاریخ کو پاکستان کے نئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان میں چینی سفارت خانے کا دورہ کیا اور انہوں نے کراچی یونیورسٹی میں کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کی شٹل بس پر حملے میں جاں بحق ہونے والے چینی اساتذہ کے لیے تعزیت کا اظہار کیا ۔ چینی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی، متاثرین کے ساتھ گہری ہمدردی اور جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔بلاول نے کہا کہ پاکستان کے تمام سرکاری محکمے دہشت گردانہ حملے کی تحقیقات اور تمام ملوث افراد کو جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔ پاک چین تعلقات اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کے مفادات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والوں کو سزا دی جائے گی . بلاول نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی حکومت نے خصوصی طور پر کابینہ کا اجلاس منعقد کیا جس میں اس بات پر تبادلہ خیال کیا گیا کہ پاکستان میں چینی شہریوں کے تحفظ کو کس طرح مضبوط کیا جائے۔انہوں نے یہ عزم ظاہر کیا کہ نہ صرف کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ میں کام کرنے والے چینی دوستوں  بلکہ پاکستان بھر میں سی پیک کے تمام منصوبوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانا ، حکومت کی ترجیح ہے۔