پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکرکا کراچی حملے میں ہونے والی ہلاکتوں پر اظہارِ تعزیت

2022/05/02 16:24:46
شیئر:

یکم مئی کو پاکستان کی قومی اسمبلی کےاسپیکر راجہ پرویز اشرف ، پاکستان میں چینی سفارت خانے گئے اور جامعہ کراچی میں کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کی شٹل بس پر دہشت گردانہ حملے میں ہونے والی ہلاکتوں پر تعزیت کی۔

پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی دہشت گردی کی اس وحشیانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے پاکستان کی قومی اسمبلی اور پاکستانی عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے چینی عوام کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور کہا  کہ اس حادثے پر پاکستانی عوام کے دل بھی اتنے ہی بوجھل  ہیں جتنے چینی عوام کے۔

ان کا کہنا تھا کہ   پاکستان اور چین کے تعلقات مختلف ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کی مثال ہیں، چینی دوستوں نے تعاون کے لیے ہزاروں میل کا سفر طے کیا اور پاک چین دوستی میں اہم کردار ادا کیا، وہ پاکستانی عوام کے انتہائی قابل احترام مہمان ہیں۔ دہشت گردی تمام انسانیت کی مشترکہ دشمن ہے اور پاکستان بھی اس کا شکار ہے۔ پاکستان دہشت گردی کا مقابلہ جاری رکھے گا، اس دہشت گردانہ حملے کے مرتکب افراد کی گرفتاری کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا، چینی دوستوں کے تحفظ کو یقینی بنائے گا اور ایسے واقعات کے ذریعے  پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دے گا۔

پاکستان میں چینی سفارتخانے کی چارج ڈی افیئرز پھانگ چھون شوئے نے تعزیت کے لیے آنے پر  سپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے  کہا کہ چین اس دہشت گردانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتا ہے۔ چین نے پاکستانی حکام سے کہا ہے کہ وہ معاملے کی مکمل تحقیقات کریں، قصورواروں کو گرفتار کرکے انہیں قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جائے اور پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ  حفاظتی اقدامات کوبہتر کرے اور اپنے ملک  میں چینی اہلکاروں، منصوبوں اور اداروں کی سکیورٹی کو مزید سخت کرے۔ چین پاکستان کے ساتھ مل کر دہشت گردی پر کاری ضرب لگائے گا  اور چین پاکستان تعلقات کی ترقی کو فروغ دے گا۔