5 مئی کو افغان عبوری حکومت نے اعلان کیا کہ حالیہ دنوں میں ہونے والی شدید بارشوں کے باعث افغانستان کے 10 سے زائد صوبے سیلاب کی زد میں آگئے ہیں جس سے 20 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوئے۔ افغان عبوری حکومت کے تحت ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے قائم مقام نائب وزیر شرف الدین مسلم نے کہا کہ سیلاب ہزاروں مکانات کو بہا لے گیا ہے اور 100 سے زائد مویشی بھی سیلابی پانی میں ڈوب گئے ہیں۔ آفت زدہ علاقوں کے لوگوں نے عبوری حکومت سے بنیادی امدادی سامان فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
سیلاب سے متاثر ہونے والے صوبوں میں قندھار، ہلمند، ہرات، بدخشاں، تخار،پروان، قندوز، میدان وردک، بغلان، فریاب اور جوزجان صوبے شامل ہیں،تاہم بغلان، پروان اور بدغیز سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ صوبہ پروان کے قائم مقام گورنر محمد انور نے کہا کہ صوبے میں سینکڑوں مکانات کو نقصان پہنچا ہے، اور بہت سے لوگوں کی املاک تباہ ہو گئیں ہیں۔ قبل ازیں افغان موسمیاتی ایجنسی نے خبردار کیا تھا کہ ملک کے کم از کم 27 صوبوں میں آنے والے دنوں میں شدید بارشیں ہوں گی۔