یورپی یونین کے رابطہ کار جوہری مذاکرات کو آگے بڑھانے کے لیے ایران کا دورہ کریں گے

2022/05/08 16:10:16
شیئر:

ایرانی میڈیا کی سات تاریخ کی اطلاع کے مطابق یورپی یونین کے  رابطہ کار اور یورپی یونین کی ایکسٹرنل ایکشن ایجنسی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل انریک  مورا 10 تاریخ کو ایران کا دورہ کریں گے تاکہ ایرانی جوہری معاہدے پر مذاکرات کو آگے بڑھایا جا سکے۔
 اطلاعات کے مطابق ایران اس وقت جوہری معاہدے سے متعلق  دیگر فریقوں کے ساتھ باقاعدہ رابطے میں ہے، اور تحریری معلومات کے تبادلے کی صورت میں حل طلب مسائل پر بات چیت جاری رکھے ہوئے ہے۔ یورپی یونین کے  نمائندہ اعلیٰ برائے خارجہ امور اور سلامتی پالیسی جوزپ بوریل نے 7 تاریخ کو  ایک میڈیا انٹرویو میں کہا کہ یورپی یونین ایرانی جوہری مذاکرات کے " تعطل" کو توڑنے کے لیے سخت محنت کر رہی  ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر  کی کہ مورا عنقریب ایران کا دورہ کریں گے۔
یاد رہے کہ جولائی 2015 میں ایران اور امریکہ، برطانیہ، فرانس، روس، چین اور جرمنی کے درمیان ایرانی جوہری مسئلے پر ایک جامع معاہدہ طے پایا تھا۔لیکن مئی 2018 میں، امریکہ نے یکطرفہ طور پر معاہدے سے دستبردار ہوتے ہوئے ایران کے خلاف پابندیوں کا  سلسلہ  دوبارہ شروع کیا ۔ ایرانی جوہری معاہدے  سے متعلق فریقوں نے اپریل 2021 میں آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں امریکہ اور ایران کے درمیان معاہدے کی تعمیل اور بحالی پر بات چیت شروع کی  اور امریکہ نے بالواسطہ طور پر مذاکرات میں حصہ  لیا ۔ تاہم رواں سال 11 مارچ کو بوریل نے اعلان کیا کہ "بیرونی عوامل" کی وجہ سے مذاکرات معطل کر دیے گئے ہیں۔