چینی وزیر خارجہ وانگ ای کی پاکستانی وزیر خارجہ سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس ، امریکہ کی"انڈو پیسیفک حکمت عملی" ناکام ہوگی

2022/05/22 17:46:53
شیئر:

 

22 مئی کو، چین کے ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ ای اور پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد ، دونوں وزرائے خارجہ نے مشترکہ طور پر صحافیوں سے ملاقات کی۔اس موقع پر ایک صحافی کے سوال کے جواب میں وانگ ای نے کہا کہ امریکہ کی "انڈو پیسفک حکمت عملی" دنیا میں خاص طور پر ایشیا پیسفک ممالک  کو زیادہ سے زیادہ چوکس کر رہی ہے اور تشویش کا باعث بن رہی ہے۔ یہ نام نہاد "حکمت عملی" نہ صرف "ایشیا پیسفک" کا نام اور ایشیا پیسفک خطے میں موثر علاقائی تعاون کے ڈھانچے کو مٹانا چاہتی ہے بلکہ یہ پرامن ترقی کے ثمرات کو بھی مٹانا چاہتی ہے۔

وانگ ای نے اس بات پر زور دیا کہ ایشیا پیسیفک کے عوام قومی استحکام اور خوشگوار زندگی چاہتے ہیں اور اس خطے کے  ممالک ہم آہنگ بقائے باہمی اور مشترکہ مفادات پر مبنی تعاون چاہتے ہیں ۔ ایشیا پیسفک خطے میں علاقائی انضمام کو فروغ دینا اور مشترکہ مستقبل کے ساتھ ایشیا پیسفک کمیونٹی کی تعمیر کرنا  وقت کا تقاضا  ہے۔

وانگ ای نے کہا کہ "انڈو پیسیفک حکمت عملی" کا مقصد چین پر قابو پانا اور ایشیا پیسفک ممالک کو امریکی تسلط کی " پیادہ سپاہ" بنانا ہے ۔ امریکہ دوسرے خطوں میں افراتفری پیدا کرنے کے بعد ایشیا پیسیفک  خطے کو بھی خراب کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ حقائق یہ ثابت کریں گے کہ نام نہاد "انڈو پیسیفک حکمت عملی" بنیادی طور پر تقسیم پیدا کرنے، تصادم کو ہوا دینے اور امن کو خراب کرنے کی حکمت عملی ہے، اور یہ بالآخر ناکامی سے دوچار ہوگی۔