عالمی معیشت کی مستحکم بحالی کے لیے کثیرالجہتی تعاون کی مضبوطی لازم

2022/06/06 11:24:09
شیئر:

چائنا فیڈریشن آف لاجسٹک اینڈ پرچیزنگ نے چھ تاریخ کو عالمی مینوفیکچرنگ پرچیزنگ مینیجرز انڈیکس کا اعلان کیا۔ اعداد و شمار کے مطابق بڑی معیشتوں کی بدولت عالمی مینوفیکچرنگ کی شرح نمو پچھلے مہینے کے مقابلے میں قدرے بحال ہوئی ہے، لیکن بحالی کی رفتار کو بدستور مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ مہنگائی کا بڑھتا ہوا دباؤ، جغرافیائی سیاسی تنازعات اور بار بار وبائی لہریں اقتصادی بحالی کی رفتار کو مسلسل سست کر رہی ہیں۔

عالمی اقتصادی بحالی کے حوالے سے دنیا کے بڑے اقتصادی اداروں کی توقعات بھی کمزور ہوتی جا رہی ہیں۔ حال ہی میں، اقوام متحدہ نے "عالمی اقتصادی صورتحال اور امکانات" رپورٹ جاری کی، جس نے 2022 میں عالمی اقتصادی ترقی کے تخمینے کو رواں سال کے آغاز کے 4.0 فیصد سے کم کرتے ہوئے 3.1 فیصد کر دیا ہے۔ماہرین کے نزدیک معاشی بحالی اور مہنگائی سے نمٹنے کے درمیان توازن اور اس وبا کی روک تھام و کنٹرول ، دنیا کے تمام ممالک کو درپیش ایک مشترکہ مسئلہ بن چکا ہے۔ عالمی معیشت کی مستحکم بحالی کے لیے ہموار سپلائی چین، متنوع تجارتی تعاون اور ایک جامع اقتصادی ماحول کی ضرورت ہے۔ طویل مدت میں، عالمی معیشتوں کو عالمی معیشت کی مستحکم بحالی کو یقینی بنانے کے لیے کثیرالجہتی تعاون کو مضبوطی سے جاری رکھنا چاہیے۔