چینی وزیر خارجہ کی قازقستان کے صدر سے ملاقات

2022/06/08 11:45:25
شیئر:

7جون  کو چین کے ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ ای نے  قازقستان کے صدر  قسیم جمرات توکیوف سے نور سلطان میں ملاقات کی۔وانگ ای نے کہا کہ رواں سال چین اور قازقستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 30ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے اور دوطرفہ مضبوط تعلقات تیزی سے ترقی کر رہے ہیں۔ ایک دوست ہمسایہ اور ایک مستقل جامع اسٹریٹجک پارٹنر کے طور پر، چین قازقستان کے قومی حالات کے مطابق ترقی کے راستے کی مضبوطی سے حمایت کرتا ہے۔وانگ ای نے کہا کہ چین قازقستان کے ساتھ مل کر دونوں سربراہان مملکت کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے کو عملی جامہ پہنانے اور چین اور قازقستان کی مستقل جامع تزویراتی شراکت داری کو نئی سطح پر لے جانے کے لیے تیار ہے۔
قسیم جمرات توکیوف نے کہا کہ 30 سال قبل قازقستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے، دونوں ممالک کے تعلقات نے مختلف شعبوں اور سطحوں کے درمیان قریبی تبادلوں کے ساتھ ترقی کی مثبت رفتار کو برقرار رکھا ہے۔ چین کی حمایت اور تعاون ، قازقستان کی سیاسی سلامتی، قومی استحکام اور اقتصادی ترقی کے لیے اہم ہے۔یوکرین بحران کے حوالے سے وانگ ای نے اس بات پر زور دیا کہ چین امن مذاکرات کو فروغ دینے میں تعمیری کردار ادا کر رہا ہے۔ موجودہ صورتحال کے تحت علاقائی ممالک کو  بیرونی طاقتوں  سے ہوشیار رہنا چاہیے۔انہوں نے واضح کیا کہ چین نے کبھی بھی وسطی ایشیا میں جغرافیائی سیاسی مفادات کی پیروی نہیں کی ہے۔ توکیوف نے چین کے منصفانہ موقف کو سراہتے ہوئے  قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر آمادگی ظاہر کی اور  تنازعات کے پرامن حل پر زور دیا۔اسی روز وانگ ای نے اپنے قازق  ہم منصب سے بھی ملاقات کی۔