چین کے سینئر سفارت کار اور جاپان کی قومی سلامتی کے سربراہ کے درمیان ٹیلی فونک بات چیت

2022/06/08 11:47:47
شیئر:

کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے خارجہ امور کمیشن کے دفتر کے ڈائریکٹر یانگ جیے چھی اور جاپان کے قومی سلامتی سیکرٹریٹ کے سیکرٹری جنرل اکیبا تاکیو کے درمیان منگل کو ٹیلی فونک بات چیت ہوئی۔
 رواں سال چین۔جاپان تعلقات کی معمول پر بحالی کی 50ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔  اس حوالے سے  یانگ نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات ایک اہم تاریخی موڑ پر آ چکے ہیں۔ چین اور جاپان کو اگلے 50 سالوں میں مستحکم، صحت مند اور لچکدار چین۔جاپان تعلقات کے تناظر میں سودمند تعاون پر قائم رہنا چاہیے اور سلامتی میں باہمی اعتماد کو بڑھانا چاہیے۔انہوں نے اس بات کی جانب اشارہ کیا کہ چین جاپان تعلقات کو درپیش موجودہ صورتحال پیچیدہ اور چیلنجنگ ہے جس میں پرانے اور نئے مسائل شامل ہیں۔ انہوں نے دونوں فریقوں پر زور دیا کہ وہ دوطرفہ تعلقات کی درست سمت کو سمجھیں اور طویل مدتی مفادات کو ذہن میں رکھیں۔ یانگ نے بات چیت کے دوران تائیوان، ہانگ کانگ اور دیاویو جزیرے سے متعلق امور پر چین کے پختہ موقف کو بھی واضح کیا۔

اکیبا تاکیو نے کہا کہ جاپان ، چین کے ساتھ تعاون کو گہرا کرنے، اختلافات کو حل کرنے، دوطرفہ تعلقات میں حساس مسائل کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی ہاٹ سپاٹ مسائل پر رابطے کو مضبوط بنانے اور مشترکہ طور پر تعمیری اور مستحکم جاپان چین تعلقات استوار کرنے کے لیے تیار ہے۔دونوں فریقوں نے مشترکہ تشویش کے بین الاقوامی اور علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔