امریکی عوام میں حکومت کے خلاف بڑھتا ہوا عدم اطمینان

2022/06/18 16:47:21
شیئر:

یو ایس اے ٹو ڈے اور سفولک یونیورسٹی کے 17 تاریخ کو جاری کردہ ایک مشترکہ سروے نتائج کے مطابق امریکی صدر  جو بائیڈن کی حمایت کی مجموعی شرح صرف 39 فیصد تک رہ گئی ہے ، جو ان کی مدت صدارت کے دوران کم ترین سطح کے قریب ہے ۔ سروے میں شامل 47فیصد  جواب دہندگان نے بائیڈن کی کارکردگی پر شدید عدم اطمینان کا اظہار کیا اور 70فیصد سے زائد افراد کے خیال میں امریکہ ترقی کے اعتبار سے غلط راہ پر گامزن  ہو رہا ہے۔ اس سے قبل رواں سال فروری میں جاری کیے گئے سروے میں مذکورہ دونوں اعداد و شمار بالترتیب 44فیصد  اور 65فیصد  تھے ۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ  امریکی عوام ملک کے حوالے سے مزید مایوسی کا شکار ہیں۔
اس کے علاوہ رائے عامہ نے امریکی اقتصادی پالیسی اور اہم مسائل سے نمٹنے کے لیے  امریکی حکومت کے رویے پر بھی شدید عدم اطمینان  ظاہر کیا۔ گولڈمین ساکس کے سابق صدر گیری کوہن نے کہا کہ فیڈرل ریزرو کی موجودہ اقتصادی پالیسی  درپیش حالیہ مسائل  سے نمٹنے میں بہت پیچھے ہے، اور معیشت کے لیے "سافٹ لینڈنگ" کا امکان کم سے کم تر ہوتا جا رہا ہے۔ وال اسٹریٹ کے ایک اور ایگزیکٹو نے کہا کہ نہ صرف فیڈ نے صورتحال کو غلط سمجھا ہے بلکہ امریکی محکمہ خزانہ اور وائٹ ہاؤس کے ماہرین  بھی   مہنگائی کو مؤثر طریقے سے روکنے کے لیے کوئی واضح منصوبہ بنانے میں ناکام رہے ہیں۔