چین برکس کو توسیع دینے کا خواہاں

2022/06/24 16:45:02
شیئر:

 

24جون کو چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بین نے یومیہ میڈیا بریفنگ میں برکس سمٹ کے حوالے سے سوالات کے جوابات دیے۔ ترجمان نے کہا کہ برکس ممالک ابھرتی ہوئی منڈیوں اور ترقی پذیر ممالک کے درمیان تعاون کا ایک اہم میکانزم ہے اور جنوب جنوب تعاون کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔ اپنے قیام کے بعد  16 برسوں میں ، برکس ممالک عالمی سطح پر اپنے بڑھتے ہوئے  اثر و رسوخ اور  اہمیت کے باعث ایک مثبت اور مستحکم تعمیری قوت بن چکے ہیں۔

برکس میکانزم ابھرتی ہوئی منڈیوں اور ترقی پذیر ممالک کی بڑی تعداد  سے گہرائی سے منسلک رہا ہے۔ نیو ڈیولپمنٹ بینک نے اپنی پہلی توسیع حاصل کرلی ہے، اور مزید ترقی پذیر ممالک کی ترقی کے لیے مالی معاونت فراہم کرے گا، اور عالمی  مالیاتی نظام میں بینک کی آواز اور اثر و رسوخ کو بھی بڑھائے گا۔

ترجمان نے واضح کیا کہ  رواں سال برکس کے چیئرمین ملک کے طور پر، چین برکس میں توسیع  کی فعال حمایت کرتا ہے اور "برکس پلس" تعاون کو وسعت دے رہا ہے۔ برکس کا تعاون کھلا اور جامع ہے۔ چین تمام برکس فریقوں پر زور دے گا کہ وہ رکنیت کی توسیع کے معاملے پر گہرائی سے بات چیت جاری رکھیں، اتفاق رائے کی بنیاد پر رکنیت کی توسیع کے لیے معیارات اور طریقہ کار وضع کریں اور مزید ہم خیال شراکت داروں کی "برکس فیملی" میں شمولیت کی توقع رکھیں ۔