امریکہ اور مغربی ممالک یکطرفہ جبری اقدامات فوری طور پر منسوخ کریں، چین

2022/06/25 16:24:18
شیئر:

چین کے نمائندے نے چوبیس تاریخ کو  اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 50ویں اجلاس میں انسانی حقوق اور بین الاقوامی یکجہتی کے حوالے سے  آزاد ماہرین کے ساتھ بات چیت کے دوران امریکہ سمیت  مغربی ممالک پر زور دیا کہ وہ یکطرفہ جبری اقدامات کو فوری طور پر منسوخ کر دیں، دوسرے ممالک میں لوگوں کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کریں۔
چین کے نمائندے نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک میں کثیر القومی کارپوریشنوں کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور ماحولیاتی نقصانات پر توجہ دی جانی چاہیے اور ترقی یافتہ ممالک  کی طرف سے نوآبادیاتی ایجنڈے مسلسل  فروغ دینے پر توجہ دی جانی چاہیئے ۔ چین آزاد ماہرین کے اس مطالبے کی حمایت کرتا ہے کہ مختلف  ممالک کو  یکطرفہ جبر کے اقدامات سے گریز کرنا چاہیئے ۔ چین کے نمائندے نے کہا کہ یکطرفہ جبر کے اقدامات اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں۔امریکہ سمیت کچھ مغربی ممالک نے ترقی پذیر ممالک کے خلاف یکطرفہ جبر کے اقدامات نافذ کیے ہیں، جس سےان  ممالک کی اقتصادی اور سماجی ترقی اور انسداد وباکی کوششوں میں شدید رکاوٹ پیدا ہوئی ہے اور متاثرہ ممالک کے لوگوں کے بنیادی انسانی حقوق کو بری طرح مجروح کیا گیا ہے۔