افغانستان میں فعال چینی اداروں کی جانب سے زلزلہ متاثرین کی امداد

2022/06/27 10:11:13
شیئر:
26تاریخ کو افغانستان میں فعال چینی اداروں نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان عطیہ کرنے کے لیے خوست میں ایک تقریب منعقد کی۔اطلاعات کے مطابق امدادی سامان میں چاول، آٹا، خوردنی تیل اور چائے وغیرہ شامل ہے۔ افغان عبوری حکومت کے نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اور وزارت انسانی امور کے خصوصی نمائندے محمد سلیم حقانی  نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چینی اداروں کا عطیہ کردہ سامان فوری طور پر آفت زدہ علاقے میں پہنچایا جائے گا اور 800 مقامی متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کیا جائے گا۔
صوبہ خوست کے ڈیزاسٹر منیجمنٹ اور انسانی امور کے محکمے کے سربراہ، فضل محمد نے اس موقع پر چینی اداروں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ چینی شہریوں نے ایک نازک لمحے میں آفت زدہ علاقوں میں لوگوں کو انتہائی ضروری سامان فراہم کیا۔یاد رہے کہ رواں ماہ کی 22 تاریخ کو افغانستان میں بدترین زلزلے سے مشرقی صوبے خوست اور پکتیکا شدید متاثر ہوئےتھے۔ زلزلے سے کم از کم 1500 افراد ہلاک، 2000 سے زائد زخمی اور 3000 سے زائد مکانات تباہ ہو گئے۔ زلزلے کے بعد چینی حکومت نے افغانستان کو 50 ملین یوآن کی ہنگامی انسان دوست امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔