وانگ ای کی افغان عبوری حکومت کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی کے ساتھ ٹیلی فونک بات چیت

2022/06/28 16:17:21
شیئر:

27 جون  کو چین کے  ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ ای نے افغان عبوری حکومت کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی۔
وانگ ای نے ایک بار پھر افغانستان میں زلزلے سے ہونے والی  تباہی پر دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ افغانستان کے ایک قریبی ہمسایہ اور مخلص دوست کی حیثیت سے چین  افغان عوام کی مشکلات پر قابو پانے کے لیے افغانستان میں ہنگامی انسانی امداد  جاری رکھےگا۔
وانگ ای نے نشاندہی کی کہ افغانستان کے حوالے سے چین کی پالیسی واضح اور مستحکم ہے۔ چین ہمیشہ افغانستان کی آزادی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرتا ہے، افغان عوام کے آزادانہ انتخاب کا احترام کرتا ہے اور افغانستان کے مذہبی عقائد اور نسلی رسومات کا احترام کرتا ہے۔
متقی نے چین کی طرف سے افغانستان کے ساتھ ہمدردی اور امداد پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چین کی امداد چین اور افغانستان کے درمیان روایتی دوستی کی مکمل عکاسی کرتی ہے۔ افغانستان نے ہمیشہ چین کے ساتھ مختلف شعبوں میں دوستانہ تعلقات استوار کرنے کا عزم کیا ہے اور ہمیشہ ون چائنا پالیسی پر کاربند رہے گا۔ افغانستان چین کے سیکورٹی خدشات کو پوری طرح سمجھتا ہے اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔ افغانستان شنگھائی تعاون  تنظیم جیسے بین الاقوامی مواقع پر چین کے ساتھ تعاون کو مضبوط کرنے کی امید رکھتا ہے اور چین کو افغانستان کی پرامن تعمیر نو میں اہم اور فعال کردار ادا کرنے کا خیرمقدم کرتا ہے۔