چین کی عالمی برادری سے اقتصادی، سماجی اور ثقافتی حقوق کے تحفظ کو اہمیت دینے کی اپیل

2022/06/28 10:17:59
شیئر:

اقوام متحدہ کے جنیوادفتر اور سوئٹزرلینڈ میں دیگر بین الاقوامی تنظیموں میں چین کے مستقل نمائندے چن شو نے 27 تاریخ کو اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 50ویں اجلاس میں 90 سے زائد ممالک کی مشترکہ ترجمانی کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی کہ وہ اقتصادی، سماجی اور ثقافتی حقوق کے تحفظ کو اہمیت دے اور اعتماد اور تعاون کے ذریعے کووڈ-۱۹ سے نمٹنے  کے لیے کام کرے ۔ 
چن شو نے اپنے خطاب میں کہا کہ  کووڈ -۱۹ کی وبا نے عالمی سطح پر موجودہ سماجی و اقتصادی چیلنجوں کو بڑھا دیا ہے، عدم مساوات کو گہرا کر دیا ہے اور کمزور اور پسماندہ گروہوں کو سنگین طور پر متاثر کیا ہے۔ کووڈ-۱۹ ویکسین کی غیر منصفانہ تقسیم کا مسئلہ اور بھی سنگین ہے۔ عالمی معیشت کی بحالی اب بھی ناہموار ہے، اور ترقی پذیر ممالک کو اپنی معیشتوں کو بحال کرنے، غربت کے خاتمے اور لوگوں کے معاش کو بہتر بنانے میں چیلنجز کا سامنا ہے۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے اداروں کو وبا کے بعد پائیدار، منصفانہ اور لچکدار بحالی کو فروغ دینے کے لیے ضروری اقدامات کرنے چاہئیں۔ بین الاقوامی برادری کو ترقی پذیر ممالک کی ضروریات اور کمزور اور پسماندہ گروہوں کی صورتحال پر زیادہ توجہ دینی چاہیے۔ تمام فریقوں کی جانب سے کثیرالجہتی پر عمل پیرا ہونے ،یکجہتی، تعاون اور مشترکہ اقدامات کی صورت میں ہی  کووڈ-۱۹ سے موئثر طور پر نمٹا جا سکتا ہے۔