چین اور پاکستان کا روایتی مضبوط دوستی کو مزید فروغ دینے کا عزم

2022/06/30 10:35:30
شیئر:

انتیس جون کو سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور مرکزی خارجہ امور کمیشن کے دفتر کے ڈائریکٹر یانگ جے چھی نے پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
یانگ نے کہا کہ پاکستان چین کا ایک مضبوط  دوست اور قابل اعتماد بھائی ہے۔ بین الاقوامی حالات میں چاہے کیسی بھی تبدیلیاں آئیں ، چین پاکستان باہمی اعتماد اور دوستی مضبوط ہے۔ چین نے ہمیشہ اپنی ہمسایہ سفارت کاری میں چین پاکستان تعلقات کو ترجیح دی ہے ، چین پاکستان کے ساتھ پالیسی مشاورت اور ترقیاتی حکمت عملی کی ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے، روایتی دوستی کو فروغ دینے، سٹریٹجک باہمی اعتماد کو بڑھانے، عملی تعاون کو گہرا کرنے اور پاکستان کے ساتھ مشترکہ طور پر ایک محفوظ، ہموار اور اعلیٰ معیار کی چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تعمیر  کا خواہاں ہے۔یانگ نے مزید کہا کہ چین نئے دور میں مشترکہ مستقبل کی حامل ایک قریبی چین پاکستان کمیونٹی کی تعمیر  چاہتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ چین کے ساتھ تعلقات کا فروغ ، پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔ پاکستان ون چائنا پالیسی پر مضبوطی سے عمل پیرا ہے اور چین کے بنیادی مفادات اور اہم خدشات کے تحفظ میں مضبوطی سے چین کی حمایت کرتا ہے۔ پاکستانی حکومت اور عوام چین کی طویل مدتی مخلصانہ مدد کی قدر کرتے ہیں اور اقتصادی ترقی اور انسداد وبا کوششوں میں چین کے کامیاب تجربے سے سیکھنے کے خواہاں ہیں۔ پاکستان مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو گہرا کرنے، چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تعمیر کو تیز کرنے اور پاک چین چاروں موسموں کی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو ایک نئی بلندی تک پہنچانے کے لیے چین کے ساتھ کام کرنے کا خواہاں ہے۔ گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو اور گلوبل سیکورٹی انیشیٹو بین الاقوامی برادری کی عمومی توقعات کے عین مطابق ہیں اور یقیناً علاقائی اور عالمی امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کریں گے۔