افغانستان میں چینی حکومت کی جانب سے بھیجے گئے امدادی سامان کی حوالگی کی تقریب

2022/07/06 10:20:44
شیئر:


مقامی وقت کے مطابق پانچ تاریخ کو افغانستان کے نیشنل میڈیا انفارمیشن سینٹر میں چینی حکومت کی طرف سے بھیجے گئے امدادی سامان کی حوالگی  کی تقریب منعقد ہوئی۔افغانستان میں چین کے سفیر وانگ یو اور افغان عبوری حکومت کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے قائم مقام وزیر غلام غوث نے تقریب میں  شرکت کی اور تقریریں کیں۔
22 جون کو جنوب مشرقی افغانستان میں دو دہائیوں میں سب سے   ہلاکت خیز زلزلہ  آیا۔ زلزلے کے بعد چینی حکومت نے فوری طور پر افغانستان کو 50 ملین یوآن کی ہنگامی انسانی امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا، چینی حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سامان پہلے بھی کئی بار کابل پہنچ چکا ہے۔
افغان عبوری حکومت کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے قائم مقام وزیر غلام غوث نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  چین نے افغانستان میں آنے والے  زلزلے سے متاثرہ لوگوں کو مؤثر اور بروقت امداد فراہم کی ہے۔ ہم نے کچھ سامان پہلے ہی آفت زدہ علاقے میں بھیج دیا ہے، اور باقی کی ترسیل عمل میں ہے۔  غلام غوث  نے مختلف مواقع پر مدد فراہم کرنے پر چینی سفیر، چینی حکومت اور چینی عوام کا شکریہ ادا کیا۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان چاؤ لی جیان نے چھ  جولائی کو منعقدہ پریس کانفرنس میں  کہا کہ چین نے مختلف ذرائع  سے افغانستان میں زلزلہ زدگان کے لیے کل 54 ملین آر ایم بی کی امدادی رقم یا سازوسامان فراہم کیا ہے اور تمام سازوسامان سات جولائی  کو افغانسان تک پہنچایا جائے گا۔ترجمان کے مطابق چین ، افغانستان میں زلزلہ زدگان کے لیے سب سے زیادہ اور سب سے جلدی سے امداد فراہم کرنے والے ممالک میں سے ایک ہے۔