چینی صدر شی جن پھنگ کا سابق جاپانی وزیر اعظم شنزو آبے کے انتقال پر اظہار تعزیت

2022/07/09 15:22:32
شیئر:
چینی صدر شی جن پھنگ نے ہفتے کے روز جاپانی وزیر اعظم فومیو کشیدا کے نام ایک پیغام میں ملک کے سابق رہنما شنزو آبے کے انتقال پر ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے  کہا کہ شنزو  آبے نے اپنے دور  حکومت میں چین۔جاپان تعلقات کی بہتری کے لیے کوششیں کیں اور  مثبت کردار ادا کیا۔شی جن پھنگ نے اس موقع پر نئے دور کے تقاضوں کے مطابق چین ۔جاپان تعلقات کی تعمیر کے حوالے سے آنجہانی شنزو  آبے کے ساتھ مشترکہ ہم آہنگی کا بھی تذکرہ کیا۔انہوں نے  آبے کے اچانک انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ  وہ چین۔جاپان چار سیاسی دستاویزات کے اصولوں کے مطابق اچھی ہمسائیگی، دوستی اور تعاون  پر مبنی چین۔جاپان تعلقات کو فروغ دینے کے لیے کشیدا کے ساتھ کام کرنے کے خواہاں ہیں۔شی جن پھنگ نے چینی حکومت اور عوام کی جانب سے بھی گہری تعزیت اور آبے کے خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا۔چینی صدر اور ان کی اہلیہ  پھینگ لی یوان نے آبے کی بیوہ  کے نام بھی  تعزیت کے الگ الگ پیغامات بھیجے ہیں۔یاد رہے کہ سابق جاپانی وزیر اعظم شنزو  آبے کو جمعہ کے روز میری ٹائم سیلف ڈیفنس فورس کے ایک سابق کارکن نے نارا  علاقے میں گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ اُن کی عمر  67 برس تھی۔