شام کےلیےسرحد پار سےانسانی ہمدردی پر مبنی امداد کے حکم نامے میں توسیع ، چین کا خیر مقدم

2022/07/13 10:29:34
شیئر:

سلامتی کونسل کی جانب سے شام کے لیےسرحد پار سےانسانی ہمدردی پر مبنی امداد کے حکم نامے میں توسیع سے متعلق قرارداد کی منظوری کے بعداقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل مندوب ڈائی بینگ نے 12 تاریخ کو دیئے گئےایک بیان میں چین کی جانب سے مذکورہ  قرارداد کا خیرمقدم کیا ۔
ڈائی بینگ نے کہا کہ چین توقع کرتا ہے کہ تمام فریق،انسانی ہمدردی پر مبنی بین الاقوامی امداد کے بنیادی اصولوں کی پاسداری کریں گے، سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تقاضوں کو پورا کریں گے اور امداد کی غیر جانبداری اور شفافیت کو یقینی بنائیں گے تاکہ اس کی استعدادکار کو بڑھایا جا سکے۔
ڈائی بینگ نے کہا کہ یکطرفہ پابندیاں شام میں بین الاقوامی انسانی ہمدردی کے تحت کام کرنے والے اداروں کے کام میں رکاوٹ کا باعث ہیں اور شام کی انسانی ہمدردی کے وسائل تک دسترس میں بہتری اور ان وسائل میں اضافے کے لیے سلامتی کونسل اور عالمی برادری کی کوششوں کے خلاف ہیں۔ چین نے متعلقہ ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ شام کے خلاف یکطرفہ پابندیاں فوری طور پر ختم کریں۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے 12 تاریخ کو قرارداد نمبر 2642 منظور کی، جس میں شام کے لیےسرحد پار سے انسانی ہمدردی پر مبنی امداد کے حکم نامے میں چھ ماہ کی توسیع کی گئی۔ اس قرارداد کے مطابق باب الحوا سرحدی کراسنگ کے استعمال میں چھ ماہ کی توسیع کرتے ہوئےاسے 10 جنوری 2023 تک کھول دیا گیا ہے۔اس کے بعد اس میں مزید 6 ماہ کی توسیع کی جا سکتی ہے تاہم اس کے لیے سلامتی کونسل کو دوبارہ سے ایک قرارداد  منظور کرنی ہوگی۔