امریکی پولیس کے ہاتھوں افریقی نژاد شہری کو 46 گولیاں مارے جانے کا انکشاف

2022/07/18 09:52:13
شیئر:

 گزشتہ ماہ امریکہ میں 25 سالہ افریقی نژاد امریکی شہری جیلان واکر کو پولیس نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔اُس وقت اس بات کا تعین مشکل تھا کہ اُسے کتنی گولیاں لگیں۔تاہم امریکی میڈیا نے سولہ تاریخ کو پوسٹ مارٹم کے تازہ ترین نتائج کا حوالہ دیتے ہوئے اطلاع دی کہ جیلان واکر کو 46 گولیاں لگی تھیں۔یہ واقعہ 27 جون کو ریاست اوہائیو میں پیش آیا تھا۔ واکر ٹریفک کی مبینہ خلاف ورزی میں ملوث تھا۔ اسی باعث پولیس نے ان کا پیچھا کیا۔ کچھ منٹس بعد واکر اپنی گاڑی کو چھوڑ کر بھاگ کھڑا ہوا ۔آٹھ پولیس اہلکاروں نے واکر کا تعاقب کیا اور ایک پارکنگ لاٹ میں انہیں گولیوں کا نشانہ بنا دیا گیا۔

پولیس کے ہاتھوں افریقی نژاد امریکی شہری کی ہلاکت پر امریکی عوام میں غم و غصہ پایا گیا اور مقامی باشندوں نے تقریباً ہر روز احتجاجی مظاہرے کیے۔اسی باعث مقامی حکام کو 15 تاریخ کی رات کرفیو کا اعلان کرنا پڑا۔

امریکی "پولیس وائلنس میپ" ویب سائٹ کے اعدادوشمار کے مطابق 2021 میں امریکہ  میں کم از کم 1124افراد پولیس کے پرتشدد طریقے سے قانون کے نفاذ میں جاں بحق ہوئے ہیں، جن میں سے بیس فیصد سے زائد متاثرین افریقی نژاد امریکی شہری ہیں۔