چین کی اقتصادی ترقی کے تسلسل کے لیے اہم تجاویز کا تبادلہ

2022/07/19 10:37:23
شیئر:

چینی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس کی قومی کمیٹی کے تحت معاشی کمیٹی نے اٹھارہ تاریخ کو بیجنگ میں پریس کانفرنس کا انعقاد کیا۔ کانفرنس میں سی پی پی سی سی کے ارکان نے کہا کہ رواں سال کی پہلی ششماہی میں پیچیدہ بین الاقوامی صورتحال اور اندون ملک وبائی صورتحال کے باوجود چین کی معیشت  نے مضبوط لچک کا مظاہرہ کیا ہے اور طویل المدتی تناظر میں ملکی معیشت میں بہتری کا رجحان برقرار ہے۔آئندہ مرحلے میں وبا کی روک تھام اور معاشی و معاشرتی ترقی کو مزید ہم آہنگ کیا جائے گا، میکرو پالیسی ایڈجسٹمنٹ کو مضبوط بناتے ہوئے معیشت کی مستحکم ترقی کو برقرار رکھنے کے لیے  پالیسیوں کے نفاذ کو آگے بڑھایا جائے گا اور معاشی ترقی کو معقول حد میں برقرار رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔

سی پی پی سی سی  کے رکن اور چائنیز اکیڈمی آف فسکل سائنسز کے سربراہ لیو شانگ شی کے مطابق اگرچہ پہلی ششماہی میں چین کی اقتصادی  ترقی متوقع ہدف تک نہیں پہنچ سکی، تاہم مضبوط  لچک اور ترقی کے بڑے امکانات ظاہر ہوئے ہیں۔معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے ملک کی پالیسی موثر ہورہی ہے، مستقبل میں پالیسی کے نفاذ کو مضبوط بنایا جائے گا۔ 

رواں مئی کے آخر تک چین میں کاروباری اداروں کی شکل میں پانچ کروڑ سے زائد ادارے موجود ہیں، جن میں سے بیشتر چھوٹے اور درمیانے درجے کے  کاروباری ادارے ہیں۔اس وقت وبائی صورتحال اور تجارتی تحفظ پسندی کے منفی اثرات کے باعت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔پہلی ششماہی میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے  کاروباری اداروں کی ترقی کو فروغ دینے کے لیے متعدد حوصلہ افزاء پالیسیاں جاری کی گئی ہیں۔سی پی پی سی سی کے رکن ، چینی وزارت صنعت و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سابق وزیر میاو  وے  کے خیال میں جہاں اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری ادارے متعلقہ پالیسیوں سےفائدہ اٹھا سکیں وہاں جدت اور ترقی میں بھی ان کی حمایت کی جائے گی۔