چینی صدر شی جن پھنگ اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی ٹیلی فونک بات چیت

2022/07/29 20:24:31
شیئر:

29 جولائی کو چینی صدر شی جن پھنگ نے ایرانی صدرابراہیم رئیسی  کے ساتھ ٹیلی فونک بات چیت کی۔

چینی صدر شی جن پھنگ نے کہا کہ چین دونوں ممالک کے تعلقات کواسٹریٹجک نقطہِ نظر سے دیکھتا ہے۔ فریقین کو ایک دوسرے کے بنیادی مفادات اور اہم تحفظات سے متعلق مسائل پر مضبوطی سے ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھنی چاہیے اور اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کے  عالمی اصول کو برقرار رکھنا چاہیے ۔  دونوں ممالک کو  قریبی روابط کو برقرار رکھنا چاہیےاور اہم شعبوں میں عملی تعاون کو آگے بڑھانا چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین نے ہمیشہ  علاقائی سلامتی کے مسائل کو یکجہتی اور تعاون کے ذریعے حل کرنے میں  مشرق وسطیٰ کے ممالک  کی حمایت کی ہےاور ایران کے ساتھ  شنگھائی تعاون تنظیم کے تحت ، تعاون کو  فروغ دینے کے لیے تیار ہے نیز  چین عالمی ترقیاتی انیشیٹیو اور عالمی سلامتی انیشیٹیو کے لیے ایران کی حمایت  کو سراہتا ہے اور ایران کے ساتھ ان انیشیٹیوز پر عمل درآمد کے لئے مشترکہ کوشش کرے گا۔

 ابراہیم رئیسی کا کہنا تھا کہ ایران اور چین تسلط پسندی، یکطرفہ پسندی، دوسرے ممالک کے داخلی معاملات میں مداخلت، غیر قانونی یکطرفہ پابندیوں اور دوہرے معیار کی مخالفت کرتے ہیں۔ ایران ون چائنا پالیسی پر مضبوطی سے عمل پیرا ہے اور اپنے بنیادی مفادات کے تحفظ میں چین کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ ایران  بین الاقوامی اور علاقائی امور میں چین کے اہم اور مثبت کردار کو سراہتا ہے اور بین الاقوامی انصاف ، ترقی پذیر ممالک کے مشترکہ مفادات کے تحفظ اور علاقائی اور عالمی امن، سلامتی اور ترقی کے لیے چین کے ساتھ رابطے اور تعاون کو  فروغ دینے کے لئے تیار ہے۔