پاکستان میں سیلاب کے باعث وسیع پیمانے پر نقصانات

2022/07/31 15:58:53
شیئر:

  

پاکستان میں جون سے شروع ہونے والی بارشوں نے اکثر علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا کردی ہے۔ 29 جولائی تک شدید بارشوں اور سیلاب سے بلوچستان میں 124 افراد ہلاک اور تقریباً 10,000 مکانات کو نقصان پہنچا ہے جن میں سے 6,700 مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔

بلوچستان کے کل 29 اضلاع اس وقت سیلاب سے متاثرہ ہیں۔ پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق، سیلاب میں پھنسے ہوئے لوگوں کو فوجی ہیلی کاپٹرز کی مدد سے نکالا گیا ہے ،  ساتھ ہی خوراک اور ادویات سمیت دیگر امدادی سامان بھی مہیا کیا گیا ہے جبکہ آفت زدہ علاقے میں پانچ طبی کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔

بلوچستان کے سرکاری حکام کے مطابق، سیلاب کے باعث ہزاروں افراد بے گھر ہوئے ہیں اور کم از کم چھ بڑے پلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ سیلاب نے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور ایران کے سرحدی شہر زاہدان کے درمیان ریلوے ٹریک کو بھی نقصان پہنچایا ہے جس سے پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت معطل ہوگئی ہے۔ کوئٹہ سے قندھار جانے والی شاہراہ بھی موسلا دھار بارش اور سیلاب کی وجہ سے بند ہے، جس سے پاکستان اور افغانستان کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ متاثر ہوئی ہے۔