افغان طالبان اور ایرانی سرحدی محافظوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ

2022/08/01 16:11:45
شیئر:

 

اکتیس جولائی کو ایران کے مشرقی سرحدی علاقے میں ایرانی سرحدی محافظوں کا افغان طالبان کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ یہ تنازع اُس وقت شروع ہوا جب طالبان جنگجوؤں نے ایرانی حدود کے قریبی علاقے پر طالبان کا جھنڈا بلند کرنے کی کوشش کی۔

ایران کی مہر خبررساں ایجنسی نے نائب وزیر داخلہ میر احمدی کے حوالے سے بتایا کہ افغان طالبان نے 31 جولائی کو ایرانی سرحد پر ایک بار پھر "اشتعال انگیز کارروائیاں کیں جو جغرافیائی حدود کے احترام کے برعکس ہیں ۔ ایرانی سرحدی محافظوں پر فائرنگ کی گئی جس کا سرحدی محافظوں کی جانب سے جواب دیا گیا۔ یہ "محدود جھڑپ" تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی۔ ایران نے بارہا افغان فریق پر زور دیا ہے کہ سرحدی دستے جغرافیائی اور سرحدی حدود پر توجہ دیں تاکہ صورت حال مزید خراب ہونے سے بچ سکے۔

تاہم، بعض افغان میڈیا نے مقامی سرحدی کمانڈروں کے حوالے سے بتایا کہ واقعہ ایرانی جانب سے پیش آیا، اور اس تنازع کے نتیجے میں ایک طالبان ہلاک اور دوسرا زخمی ہوا ہے۔ طالبان کی جانب سے تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔