چین کی امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی کے دورہ تائیوان کی شدید مخالفت

2022/08/03 00:02:57
شیئر:

 چین کی وزارت خارجہ نے دو تاریخ کو ایک بیان میں امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی کے دورہ تائیوان کی شدید مخالفت کی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ نینسی پیلوسی نے چین کی شدید مخالفت اور سخت  انتباہات کو نظر انداز کرتے ہوئے چین کے علاقے تائیوان کا دورہ کیا۔اس اقدام نے چین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت اور آبنائے تائیوان کے امن و استحکام کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔اس سے تائیوان کی علیحدگی پسند قوتوں کو غلط  پیغام دیا گیا ہے۔ چین اس کی سختی سے مخالفت کرتا ہے اور اس کی شدید مذمت کرتا ہے، اور اس حوالے سے امریکہ سے  شدید احتجاج کیا گیا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ دنیا میں صرف ایک چین ہے، تائیوان چینی سرزمین کا ایک اٹوٹ حصہ ہے، اور عوامی جمہوریہ چین کی حکومت واحد قانونی حکومت ہے جو پورے چین کی نمائندگی کرتی ہے۔ تائیوان کا مسئلہ چین امریکہ تعلقات میں سب سے اہم، بنیادی اور حساس مسئلہ ہے۔ اس وقت آبنائے تائیوان کی صورتحال کو کشیدگی اور شدید چیلنجوں کے ایک نئے دور کا سامنا ہے۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ تائیوان کے حکام اور امریکہ تائیوان کی موجودہ صورتحال کو مسلسل چھیڑ رہے ہیں۔ چین مذکورہ دورے کے جواب اپنی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے پرعزم دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا اور تائیوان کی علیحدگی پسند قوتیں تمام تر نتائج کی ذمہ دار ہوں گی۔

بیان میں امریکہ پر زور دیا گیا کہ وہ چین کو کنٹرول کرنے کے لیے "تائیوان کارڈ" کھیلنا بند کرے، تائیوان کے معاملات میں مداخلت اور چین کے داخلی امور میں مداخلت بند کرے، تائیوان کی علیحدگی پسند قوتوں کی ہر قسم کی حمایت بند کرے  اور ٹھوس اقدامات کے ساتھ ون چائنا اصول کی پاسداری کرے۔ بیان میں امریکہ پر زور دیا گیا کہ فریقین کے درمیان طے شدہ تین مشترکہ اعلامیوں اور امریکی رہنماوں کی جانب سے کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد کیا جائے  مزید خطرناک اور غلط راستے پر آگے نہ بڑھا جائے۔