چین کی قومی عوامی کانگریس کی مجلس قائمہ کا امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی کے دورہ تائیوان پر شدید رد عمل

2022/08/03 00:17:22
شیئر:

دو  تاریخ کو امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی کے دورہ تائیوان پر شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے چین کی قومی عوامی کانگریس کی مجلس قائمہ کے ترجمان نے کہا کہ نینسی پیلوسی نے چین کی تشویش اور سخت مخالفت کو نظر انداز کرتے ہوئے تائیوان کا دورہ کیا ہے۔ اس سے ایک چین کے اصول اور چین ۔امریکہ تین مشترکہ اعلامیے کی شدید خلاف ورزی ہوئی ہے ، چین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو نقصان پہنچا ہے اور چین ۔ امریکہ تعلقات کی سیاسی بنیاد کو شدید دھچکا لگا ہے۔اس اقدام سے  تائیوان کے علیحدگی پسندوں کو غلط پیغام ملا ہے۔ چین کی قومی عوامی کانگریس نینسی پیلوسی کے دورہ تائیوان کی سخت مخالفت اور شدید مذمت کرتی ہے۔

دنیا میں عوامی جمہوریہ چین کی حکومت واحد قانونی حکومت ہے ۔ امریکہ نے تائیوان کے معاملے پر چین کے ساتھ  پختہ سیاسی وعدے کئے ہیں۔ تاہم حقیقت میں  امریکہ تائیوان کے ساتھ تعلقات اور سرکاری تبادلے کو آگے بڑھا رہا ہے اور تائیوان میں علیحدگی پسندوں کی حمایت کر رہا ہے، جس سے آبنائے تائیوان کے امن و استحکام کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ چینی حکومت اور عوام نے اپنی خودمختاری، سلامتی اور ترقیاتی مفادات کے مضبوط تحفظ کے لیے فیصلہ کن اور موثر اقدامات کیے ہیں اور  کرتے رہیں گے۔

تائیوان کا معاملہ چین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت سے وابستہ ہے۔ چین اس حوالے سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ چین کے مکمل اتحاد اور قومی نشاتہ الثانیہ کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے کی کوئی بھی کوشش ناکامی سے دوچار ہوگی۔