چین کا جوہری عدم پھیلاؤ کے نظام کے تحفظ پر زور

2022/08/03 15:30:19
شیئر:

 
دو تاریخ کو نیو یارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ سے متعلق معاہدے کی دسویں جائزہ کانفرنس سے چینی نمائندے نے خطاب کیا۔انہوں نے عام بحث سے خطاب میں عالمی جوہری تخفیف اسلحہ اور جوہری عدم پھیلاؤ کے نظام کے تحفظ کے بارے میں چین کے موقف کی جامع وضاحت کی جس کی بنیاد "عدم پھیلاؤ کے معاہدے" پر رکھی گئی ہے۔

چینی نمائندے نے کہا کہ اس وقت دنیا صدی کی بڑی تبدیلیوں اور وبا کے دور سے گزر رہی ہےاور سرد جنگ کی ذہنیت ابھی تک برقرار ہے۔عالمی سطح پر جوہری ہتھیاروں سے متعلق عدم پھیلاؤ کا نظام  شدید طور پر متاثر ہوا ہے، اور یہاں تک کہ اسے سرد جنگ کے خاتمے کے بعد شدید ترین نئے چیلنجز کا سامنا ہے۔ چین اس جائزہ کانفرنس کو جوہری تخفیف اسلحہ  ،جوہری عدم پھیلاؤ اور جوہری توانائی کے پرامن استعمال  کو  فروغ دینے کے لیے ایک موقع کے طور پر لینے کی حمایت کرتا ہے، تاکہ اس معاہدے کو امن اور ترقی کی خاطر  نئی قوت فراہم  کی جا سکے۔
چینی نمائندے نے کہا کہ ہمیں عدم پھیلاؤ کے میدان میں "دہرے معیار" کی سختی سے مخالفت کرنی چاہیے۔ امریکہ۔برطانیہ۔آسٹریلیا کے جوہری آبدوز تعاون سے جوہری پھیلاؤ کا سنگین خطرہ لاحق ہے اور اس سے معاہدے کے اغراض و مقاصد کی نفی ہوتی ہے۔ "نیوکلیئر شیئرنگ" کا انتظام معاہدے کی دفعات کی خلاف ورزی ہے اور جوہری پھیلاؤ اور جوہری تصادم کا خطرہ بڑھا رہا ہے۔