نینسی پیلوسی کا دورہِ تائیوان ،چینی وزارتِ خارجہ نے چین میں متعین امریکی سفیر کو طلب کر لیا

2022/08/03 11:39:31
شیئر:

دو اگست کی رات چین کے نائب وزیر خارجہ شے فونگ نے چین میں متعین امریکی سفیر برنز کوہنگامی طور پر دفترِخارجہ طلب کیااور چینی حکومت کی جانب سے امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی کے دورہ تائیوان کے خلاف باضابطہ طور پر  احتجاج درج کروایا۔
شے فونگ نے کہا کہ نینسی پیلوسی نے جان بوجھ کر اشتعال انگیزی کی ، ایک چین کے اصول اور  چین-امریکہ تین مشترکہ اعلامیوں کی سنگین خلاف ورزی کی، چین-امریکہ تعلقات کی سیاسی بنیاد کو بری طرح مجروح کیا، چین کے اقتدار اعلی اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی کی، آبنائے تائیوان کے امن اور استحکام کو شدید نقصان پہنچایا  اور تائیوان کی علیحدگی پسند قوتوں کو بے حد غلط  پیغام دیا ہے۔یہ صورتِ حال انتہائی خراب ہے اور  اس کے نتائج انتہائی سنگین ہوں گے ، چین کبھی خاموش نہیں بیٹھے گا۔ 
امریکی حکومت کو اس سب کی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے۔کچھ عرصے سے، امریکہ کہتا کچھ اور ہے اور کرتا کچھ اور ہے ،وہ "سرخ لکیر"  کو عبور کرنے کی کوشش کررہا ہے،  ون چائنا کے اصول کو مسلسل مسخ کر رہا ہے اس کے بارے میں جھوٹ پھیلا کر اسے کمزور کر رہا ہے اور بدنیتی کے ساتھ "تائیوان کارڈ" کھیل رہا ہے۔ اس معاملے میں امریکہ اس حد تک چلا گیا ہے کہ اس نے امریکی محکمہ خارجہ کی ویب سائٹ سے "تائیوان چین کا حصہ ہے" جیسے کلیدی بیانات کو حذف کر دیاہے، اپنی  نام نہاد "انڈو پیسیفک حکمت عملی" میں تائیوان کو شامل کیا، امریکہ-تائیوان تعلقات کو بےدھڑک فروغ دیا، تائیوان کو ہتھیاروں کی فروخت میں اضافہ کیا، نیز  علی الاعلان تائیوان کی "غیر متناسب جنگی طاقت" میں اضافہ کرنے اور"تائیوان کی علیحدگی" کے لیے  علیحدگی پسندانہ سرگرمیوں کی حمایت کرنے کا دعویٰ کیا۔ امریکی حکومت کو چاہیے تھا کہ وہ نینسی پیلوسی کو  ایسے غیر ذمہ دارانہ عمل سے روکتی ، لیکن یہ کام ان کی ملی بھگت سے ہوا ،جس سے آبنائے تائیوان میں کشیدگی بڑھ رہی ہے اور چین-امریکہ تعلقات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
شے فونگ نے نشاندہی کی کہ امریکہ کو اپنی غلطیوں کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔چین عزم و استقلال  کے ساتھ اس کا جواب دینے کے لیے ضروری اقدامات کرے گا اور ہم وہی کریں گے جو ہم کہہ رہے ہیں ۔ شے فونگ نے اس بات پر زور دیا کہ عمومی رجحان ناقابل تنسیخ ہے اور عوامی رائے کی خلاف ورزی نہیں کی جا سکتی۔جب آگ سے کھیلیں گے تو اس سے خود ہی جلیں گے۔ تائیوان چین کا تائیوان ہے، اور بالآخر مادر وطن کی جانب ہی آئےگا۔چینی عوام کے دلوں میں قومی اقتدار اعلی اور علاقائی سالمیت کے دفاع سے زیادہ مقدس اور قومی یکجہتی کو برقرار رکھنے اور اس کے حصول سے زیادہ اہم کوئی چیز نہیں ہے۔کوئی بھی ملک، طاقت یا فرد ، چینی حکومت اور عوام کے قومی اقتدار اعلی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ، قومی یکجہتی اور قومی تجدید کے مضبوط عزم، پختہ ارادے اور مضبوط صلاحیت کو کم نہ سمجھے ۔