منگولیا کا ون چائنا اصول کی مضبوط حمایت کا اعادہ

2022/08/09 11:36:41
شیئر:

آٹھ تاریخ کو چین کے ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ ای نے منگولیا کے صدر اوکانا کورل سوکھ کے ساتھ اُلانبتار میں ملاقات کی۔ اوکانا کورل سوکھ نے کہا کہ منگولیا اور چین کے درمیان تبادلوں کی طویل تاریخ ہے اور فریقین مستقل دوست ہمسایہ ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان کسی قسم کے سیاسی اختلافات اور حل طلب مسائل نہیں ہیں۔ منگولیا مضبوطی سے ون چائنا اصول پر کاربند ہے اور اس کا موقف ہے کہ تائیوان، ہانگ کانگ، تبت اور سنکیانگ کے معاملات چین کے اندرونی معاملات ہیں۔ منگولیا نے صدر شی جن پھنگ کی بہترین قیادت میں دوست ہمسایہ ممالک کی عظیم ترقیاتی کامیابیوں کو ہمیشہ تہہ دل سے سراہا ہے اور یہ امر باعث خوشی ہے کہ فریقین کی مشترکہ کوششوں سے دونوں سربراہان مملکت کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے کو مؤثر طریقے سے نافذ کیا گیا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان 10 بلین امریکی ڈالر کے تجارتی حجم کا ہدف کامیابی سے حاصل کر لیا گیا ہے۔ منگولیا مشترکہ ترقی اور سودمند تعاون کے حصول میں چین کی حمایت کو سراہتا ہے، اور دونوں ممالک کی ترقیاتی حکمت عملیوں میں ہم آہنگی کو مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو گہرا کرنے کے لیے تیار ہے۔
وانگ  ای نے منگولیا کی جانب سے ون چائنا اصول کی مضبوط حمایت کے اعادہ اور چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی مخالفت کو سراہا ۔انہوں نے کہا کہ چین منگولیا کی آزادی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ اور اپنے قومی تقاضوں کے مطابق ترقی کے راستے پر گامزن رہنے میں منگولیا کی حمایت کرتا ہے ۔وانگ ای نے کہا کہ ہم منگولیا اور دیگر ترقی پذیر ممالک کے ساتھ مل کر آگے بڑھنے، ایک دوسرے کے بنیادی مفادات سے متعلق مسائل پر ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھنے، مشترکہ طور پر امن و سکون برقرار رکھنے، ایک خوبصورت وطن کی تعمیر اور آنے والی نسلوں کو فائدہ پہنچانے کے خواہاں ہیں۔