جاپان کی جوہری آلودگی اور سمندر میں پانی کے اخراج کے مسئلے پر چین کے شدید تحفظات

2022/08/09 10:58:01
شیئر:

چین کے سفیر برائے امور تخفیف اسلحہ لی سونگ نے 8 اگست کو جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے کی 10ویں جائزہ کانفرنس سے کلیدی خطاب کیا۔ انہوں نے  جوہری توانائی کے پرامن استعمال کے معاملے پر چین کے موقف کی جامع وضاحت کی اور جاپان کی جوہری آلودگی اور سمندر میں پانی کے اخراج کے مسئلے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ۔
لی سونگ نے کہا کہ جاپان کی جانب سے فوکوشیما نیوکلیئر پاور پلانٹ کے جوہری  آلودہ پانی کے سمندر میں اخراج کے باعث سمندری ماحولیات،تحفظ خوراک اور انسانی صحت پر پڑنے والے ممکنہ اثرات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے۔ جاپانی حکومت کا جوہری آلودہ پانی کو سمندر میں خارج کرنے کا یکطرفہ فیصلہ خالصتاً محض اپنے اقتصادی اخراجات کی بچت اور خود غرضی پر مبنی ہے جس سے عالمی برادری کے لیے خطرات پیدا ہوں گے۔جاپان کا رویہ غیر ذمہ دارانہ ہے اور غیر اخلاقی ہے۔اس پر نہ صرف جاپانی عوام نے عدم اطمینان ظاہر کیا ہے بلکہ چین، جنوبی کوریا، روس اور بحرالکاہل کے جزیرہ نما ممالک نے بھی تشویش کا اظہار کیا۔
لی سونگ نے زور دیا کہ یہ مسئلہ ہر گز جاپان کا نجی معاملہ نہیں ہے۔ جاپان کو بین الاقوامی برادری کے خدشات کا سنجیدگی سے جواب دینا چاہیے اور جوہری آلودہ پانی کے سمندر میں اخراج کے منصوبے کو  فوری ترک کرنا چاہیے۔ جاپان کو اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ جوہری آلودہ پانی کو کھلے، شفاف، سائنسی اور محفوظ طریقے سے تلف کیا جائے، اور یہ عمل بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کی سخت نگرانی کے تابع ہو۔