بلند درجہ حرارت اور خشک سالی کی تناظر میں پینے کا پانی "اسٹریٹجک ریسورس" بن رہا ہے ،روسی میڈیا

2022/08/22 11:05:55
شیئر:

رواں سال گرمیوں کےموسم میں کرہ ارض کے شمال میں انتہائی بلنددرجہ حرارت کی وجہ سے متعدد دریاوں میں پانی کم ہوا ، جنگلات میں آتش زدگی کے واقعات ہوئے جب کہ خشک سالی کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔دی رشین اوریئنٹل نیو آبزرویشن کی ویب سائیٹ پرحال ہی میں ایک مضمون شائع ہواجس میں کہا گیا ہے کہ مختلف وجوہات کے باعث پینے کا پانی "اسٹریٹجک ریسورس" بنتا جارہا ہے۔مضمون میں کہا گیا ہے کہ یورپ،شمالی امریکہ نیز وسطی ایشیا کے کچھ علاقوں میں پانی کی کمی واقع ہوئی ہے اورپینے کا پانی قیمتی ترین وسائل میں شامل ہوگیا ہے۔لیکن مغرب موسمیاتی تحفظ کی پالیسی پر عمل درآمد کو ترک کر رہا ہے، جس کے نتیجے میں مستقبل میں پینے کا پانی نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی جنگ کا باعث بن سکتا ہے۔

فرانسیسی اخبار "لی فگارو" کی ویب سائٹ پر بھی ایک مضمون شائع ہوا جس میں نشاندہی کی گئی ہے کہ دنیا پر آبی وسائل کے لیے کی جانے والی جنگ کے سائے منڈلا رہے ہیں۔ مضمو ن میں اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ پانی کی طلب اور تقسیم مساوی نہیں ہےجو کہ ایک حساس مسئلہ ہے اور یہ ممکنہ تنازعات کا باعث بن سکتا ہے ، پانی کی قلت سے سیاسی عدم استحکام بڑھ رہا ہے اورآبی وسائل کی منصفانہ تقسیم امن کے لیے کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔