امریکہ چین کے بنیادی مفادات کو نقصان پہنچانے والے تمام اقدامات سے باز رہے ،چینی وزارت خارجہ

2022/08/22 17:31:52
شیئر:

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان  نے بائیس تاریخ کو یومیہ نیوز بریفنگ میں چین میں تعینات امریکی سفیر  نکولس برنز  کےسی این این کو دیے گئے انٹرویو میں تائیوان سے متعلق غلط  بیانات پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ا س سے  صحیح اور غلط کو الجھانے کی امریکی پالیسی اور امریکی بالادستی کی منطق ایک بار پھر بے نقاب ہوئی ہے۔

پیلوسی کے تائیوان پہنچنے کے بعد، نائب وزیر شیائے فینگ نے فوری طور پر امریکی سفیر برنز کو طلب کرتے ہوئے چینی حکومت کی جانب سے اپنا بھرپور احتجاج درج کروایا، انہیں باور کروایا گیا کہ امریکہ کو اپنے  غلط اقدام کی قیمت خود چکانا ہوگی۔ امریکی سفیر پر واضح کیا گیا کہ امریکہ اپنی غلطیوں کی فوری تصحیح کرے  اور پیلوسی کے دورہ تائیوان سے مرتب ہونے والے منفی اثرات کو ختم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔
تاہم، اعلیٰ امریکی حکام حقائق کو مسخ کر رہے ہیں، آبنائے تائیوان میں کشیدگی پیدا کرنے اور چین پر کیچڑ اچھالتے ہوئے  اپنی ذمہ داری سے بچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ترجمان نے واضح کیا کہ ون چائنا اصول چین کے بنیادی مفادات کا مرکز ہے۔ کسی بھی ملک یا کسی طاقت کو چینی حکومت اور عوام کے قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ، قومی وحدت اور قومی نشاتہ الثانیہ کے لیے مضبوط عزم، پختہ ارادے اور مضبوط صلاحیت کو کم نہیں سمجھنا چاہیے۔ چین نے ایک بار پھر امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ چین کے بنیادی مفادات کو نقصان پہنچانے والے تمام اقدامات سے گریز کرے ۔