پاکستان میں سیلاب کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد گیارہ سو سے تجاوز کر گئی

2022/08/30 10:40:54
شیئر:

پاکستان کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے 29 تاریخ کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران، ملک میں مزید  150 افراد شدید بارشوں کی وجہ سے آنے والے سیلاب سے جاں بحق ہوئے ہیں۔ موسلا دھار بارشوں کے باعث شدید سیلاب کی وجہ سے جون کے وسط سے اب تک 1,136 افراد جاں بحق اور 1,634 زخمی ہو چکے ہیں۔ علاوہ ازیں ، 3,471 کلومیٹر سڑکوں اور 162 پلوں کو نقصان پہنچا ہے، اور 10 لاکھ سے زائد مکانات منہدم یا تباہ ہو  چکے ہیں۔

اسی روز پاکستان کے وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے میڈیا کو بتایا کہ ملک کی اہم فصل کپاس کا  45 فیصد سیلاب کی نذر ہو چکا ہے، اور دیگر زرعی اجناس جیسے پھلوں، سبزیوں اور چاول کو بھی بہت زیادہ نقصان پہنچا۔ احسن اقبال کے مطابق سیلاب سے پاکستانی معیشت کو  10 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہو سکتا ہے۔

انتیس تاریخ کو ہی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ مسلسل شدید بارشوں کی وجہ سے ریسکیو کی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا ہے اور جنوبی بلوچستان میں امدادی سامان گرانے کے لیے خشک زمین کی تلاش بھی دشوار ہے ۔