پاکستان کی مشکلات ہماری مشکلات ہیں،چائنا انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے ڈائریکٹر

2022/09/04 16:41:29
شیئر:

تین ستمبر کو چائنا انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے ڈائریکٹرلوچاؤ ہوئی نے پاکستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے چیئرمین  اختر نواز ستی سے آن لائن ملاقات کی۔
لو چاؤ ہوئی نے کہا کہ پاکستان کو کئی دہائیوں میں آنے والے سب سے بڑے سیلاب کا سامنا ہے،جس سے بھاری جانی اور مالی نقصان ہوا۔ پاکستان کی مشکلات ہماری مشکلات ہیں۔ چینی صدر شی جن پھنگ اور وزیر اعظم لی کھہ چھیانگ نے فوری طور پر پاکستانی رہنماؤں کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کیا ۔انہوں نے مطلع کیا کہ چینی حکومت نے پہلے سے فراہم کردہ  100 ملین یوآن کے ہنگامی امدادی سامان کے اوپر مزید 300 ملین یوآن کا امدادی سامان فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے پاکستان سے درخواست کی کہ وہ جلد از جلد  ضروری سامان کی فہرست فراہم کرے اور نقل و حمل کے طریقہ کار کا تعین کرے تاکہ چین کی امداد سے متاثرین کو جلد از جلد فائدہ پہنچ سکے۔

لو چاؤ ہوئی نے مزید کہا کہ چینی حکومت کی جانب سے امداد کے علاوہ ،عام چینی لوگ سرگرمی سے رقم عطیہ کر رہے ہیں، کچھ کاروباری اداروں اور مقامی حکومتوں نے بھی رضاکارانہ طور پر رقم اور سامان عطیہ کیا ہے ،جو "پاکستانی بھائیوں" سے دوستی کا اظہار ہے۔ اگلے مرحلے میں، چین آفات سے نجات اور آفات کے بعد کی تعمیر نو میں تجربے کا اشتراک کرنے اور تعمیر نو کے منصوبوں کو تیار کرنے میں مدد فراہم کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان سیلاب اور قدرتی آفات سے نمٹنے میں کامیاب ہو گا اور ایک خوبصورت وطن کی تعمیر نو کرے گا۔

اختر نواز ستی نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام اضافی ہنگامی امداد پر چین کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور پاکستان کے ساتھ دوستی کے لیے چینی رہنماؤں اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ چین کی امداد بروقت موصول ہونے والی مدد ہے ، پہلے ہی خیموں کی فراہمی سے متاثرین کو فائدہ پہنچا ہے۔ سیلاب بے رحم ہیں لیکن سیلاب اور آفات سے لڑنے کے لیے پاکستان اور چین کی مشترکہ کوششوں سے دونوں ممالک کی دوستی مزید بڑھے گی۔