اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوئتریس کا محفوظ حصول تعلیم پر زور

2022/09/10 16:14:10
شیئر:

 

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوئتریس نے 9 تاریخ کو حملوں سے محفوظ تعلیم کے عالمی دن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے دنیا سے مطالبہ کیا کہ وہ اسکولوں اور کلاس رومز پر حملوں کو فوری طور پر روکے تاکہ تمام لوگوں کے محفوظ طریقے سے حصول تعلیم  کے حق کو یقینی بنایا جا سکے۔
گوئتریس نے نشاندہی کی کہ تعلیم ایک بنیادی انسانی حق ہے اور امن اور پائیدار ترقی کا ایک اہم محرک ہے۔ بدقسمتی سے، اس حق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، خاص طور پر تنازعات سے متاثرہ علاقوں میں صورتحال تشویش ناک ہے۔
گلوبل الائنس ٹو پروٹیکٹ ایجوکیشن آف اٹیک کی رپورٹ کے مطابق، 2020 اور 2021 کے دوران، 5,000 سے زیادہ اسکولوں اور جامعات کو عسکری مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا ہے اور دنیا بھر میں ان پر حملے کیے گئے، جبکہ 9,000 سے زائد طلباء اور اساتذہ یا تو  مارے گئے ہیں یا پھر انہیں  اغوا، یا گرفتار کیا گیا ہے ، جن میں زیادہ تر متاثرین خواتین اور لڑکیاں ہیں۔
گوئتریس نے زور دے کر کہا کہ ان حملوں نے لاکھوں طلباء کو تعلیم سے محروم کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملے فوری طور پر بند ہونے چاہئیں اور کلاس رومز کو امن اور علم کی جگہیں ہونا چاہیے۔