پاکستان کا سیلاب متاثرین کی بے مثال امداد پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا شکریہ

2022/09/12 16:34:30
شیئر:

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئتریس نے ابھی حال ہی میں پاکستان کا دو روزہ دورہ کیا۔ دورے کے اختتام پر گیارہ تاریخ کو پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے سوشل میڈیا پر پاکستان میں سیلاب متاثرین کی بے مثال امداد پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دورہ انسانی المیے کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے لیے اہم ہے۔

اس دورے کے  دوران انتونیو گوئتریس نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور ترقی یافتہ ممالک کی جانب سے موسمیاتی تبدیلی سے متاثر پاکستان کی مدد کی ضرورت پر زور دیا۔

جون کے وسط سے شروع ہونے والی بارشوں کے سبب، پاکستان کے صوبہ سندھ میں سیلاب کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد  گیارہ تاریخ تک بڑھ کر 621 تک جا پہنچی ہے۔ گزشتہ چند دنوں کے دوران 50 سے زائد دیہات زیر آب آچکے ہیں، منچھر جھیل کے اردگرد 150 کلومیٹر کے علاقے میں بے شمار دیہات پانی میں ڈوب گئے ہیں، ایک چھوٹا ایئرپورٹ بند کردیا گیا ہے، متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔ اسی طرح صوبہ خیبر پختونخوا میں پینے کے صاف پانی کے لیے 124 واٹر پوائنٹس کو بحال کیا گیا ہے اور سیلاب سے متاثرہ گھروں کی مرمت کا کام تیز ی سے جاری ہے۔