چینی صدر شی جن پھنگ کی روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے ملاقات

2022/09/15 21:12:24
شیئر:

 مقامی وقت کے مطابق 15 تاریخ کی سہ پہر چینی صدر شی جن پھنگ نے سمرقند میں روس کے صدر ولادیمیر پوٹن کے ساتھ ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے  چین روس تعلقات اور مشترکہ دلچسپی  کے بین الاقوامی اور علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ رواں سال سے چین اور روس نے موثر اسٹریٹجک رابطے کو برقرار رکھا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو بتدریج فروغ حاصل ہوا ہے، دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات موجود ہیں۔ چین اور روس بین الاقوامی سطح پر قریبی تعاون کر رہے ہیں اور بین الاقوامی تعلقات کے بنیادی اصولوں کو برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ تاریخی اعتبار سے آج دنیا میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کے تناظر میں، چین روس کے ساتھ مل کر ایک بڑے ملک کی ذمہ داری نبھانے، قائدانہ کردار ادا کرنے اور دنیا میں استحکام لانے کا خواہاں ہے۔

پوٹن نے کہا کہ آج دنیا  بے شمار تبدیلیوں سے گزر رہی ہے، روس اور چین کے درمیان دوستی اور باہمی اعتماد مستقل ہے۔ روس اور چین کے درمیان جامع اسٹریٹجک تعاون پر مبنی تعلقات پہاڑ کی مانند مضبوط ہیں۔ روس اور چین دونوں ایک منصفانہ اور مزید مساوی بین الاقوامی آرڈر کو فروغ دینے کے حامی ہیں،فریقین نے بین الاقوامی تعلقات کا ایک عمدہ نمونہ قائم کیا ہے۔ روس ون چائنا اصول کی سختی سے پاسداری کرتا ہے اور چین کے بنیادی مفادات سے متعلق امور پر بعض ممالک کی جانب سے اشتعال انگیز اقدامات کی شدید مذمت کرتا ہے۔ روس دوطرفہ اور کثیرالجہتی مواصلات اور ہم آہنگی کو مضبوط اور گہرا کرنے اور معیشت، تجارت اور توانائی جیسے اہم شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے پر آمادہ ہے۔