چینی صدر شی جن پھنگ کی ازبک صدر شوکت میرزی یوئیف سے ملاقات

2022/09/15 17:07:28
شیئر:

مقامی وقت کے مطابق پندرہ ستمبر کو چین کے صدر مملکت شی جن پھنگ نے سمر قند میں ازبکستان کے صدر  شوکت میرزی یوئیف سے ملاقات کی۔ دونوں ممالک کے رہنماوں نے اعلان کیا کہ چین ازبکستان تعلقات کی طویل مدتی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے تناظر میں فریقین باہمی مفادات کے تعاون کو وسعت دیں گے ، دوستانہ شراکت داری تعلقات کو مضبوط بنائیں گے اور ہم نصیب سماج کی تعمیر  کے تصور پر عمل درآمد کریں گے۔

 اس موقع پر شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ چین اور ازبکستان کو  ملک کے  اقتداراعلیٰ، خود مختاری اور علاقائی سالمیت سمیت مرکزی مفادات کے امور پر ایک دوسرے کی مضبوط حمایت کرنی چاہیے اور ترقیاتی حکمت عملیوں کی ہم آہنگی سے مشترکہ ترقی کو آگے بڑھانا چاہیے۔صدر شی نے مزید کہا کہ چین ازبکستان کے ساتھ مل کر اپنے اپنے داخلی امور میں غیرملکی قوتوں کی مداخلت کی شدید مخالفت کا خواہاں ہے اور اندرونی استحکام  اور خطے میں سلامتی مفادات کا تحفظ کرنا چاہتا ہے۔ صدر شی نے شنگھائی تعاون تنظیم کی سمر قند سمٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے ازبکستان کی خدمات کو بھی بھرپور سراہا ۔

ازبکستان کے صدر شوکت میرزی یوئیف نے ملاقات کے موقع پر کہا کہ صدر شی کی رہنمائی میں چین نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ازبکستان ہمیشہ ون چائنا اصول پر قائم رہے گا ، امور تائیوان ، امور سنکیانگ سمیت مرکزی مفادات سے وابستہ امور پر چین کے ساتھ کھڑا ہوگا۔ازبکستان  دی بیلٹ اینڈ روڈ کی مشترکہ تعمیر میں مثبت طور پر حصہ لینا چاہتا ہے۔ ازبکستان چین کے پیش کردہ گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو اور  گلوبل سیکیورٹی انیشیٹو  کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔

ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے رہنماوں نے " عوامی جمہوریہ چین اور جمہوریہ ازبکستان کا مشترکہ اعلامیہ " جاری کیا۔دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں نے زراعت ، ڈیجیٹل معیشت ، ماحول دوست ترقی ، ثقافت اور میڈیا سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کی متعدد دستاویزات پر دستخط کیے۔

اس دوران چین ، کرغزستان اور ازبکستان کے متعلقہ اداروں نے چین۔کرغزستان۔ازبکستان  ریلوے تعمیراتی منصوبے کے لیے تعاون سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کیے۔