چین کے تعاون سے پہلی بار گوادر میں پاک چین دوستی فٹ بال ٹورنامنٹ کا انعقاد

2022/09/17 16:27:04
شیئر:

گوادر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ چین کے تعاون سے پاک چین دوستی فٹ بال ٹورنامنٹ گوادر کے خوبصورت ساحل سے ملحقہ فٹ بال گراؤنڈ  میں کھیلا گیا ۔ گوادر کو سی پیک میں مرکزی حیثیت حاصل ہے ، ایسے موقع پرجب عالمی سطح پر گوادر اور سی پیک کو متنازعہ بنانے کی مہم جاری ہے، گوادر کے دل میں واقع فٹ بال گرأونڈ میں منعقدہ پاک چین فٹ بال ٹورنامنٹ نے اس طرح کے منفی تاثر کو زائل کر دیا ہے ۔ اس میچ میں مقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور چین کے لئے ایک دوست کے طور پر آواز اٹھائی اور غیر ملکی منفی پراپیگنڈا کو غلط قرار دیا۔ انہوں نے فٹ بال ٹورنامنٹ کو چین اور مقامی لوگوں کے درمیان دوستی کے ایک مضبوط رشتے کو تقویت دینے میں اہم قرار دیا ۔ اس ایونٹ کے انعقاد میں انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز اینڈ میڈیا ریسرچ اور ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن گوادر کا اشتراک تھا جو پاک چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 71ویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقد کیا گیا ۔

 پاک چین دوستانہ فٹ بال ٹورنامنٹ کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گوادر ذاکر علی بلوچ تھے ،انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز اینڈ میڈیا ریسرچ کے صدر یاسر حبیب خان ،ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر میر ارشد کلمتی سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات بھی موجود تھیں۔ مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گوادرذاکر علی بلوچ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ایونٹ کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستانہ فٹ بال ٹورنامنٹ کے انعقاد سے کھلاڑیوں اور مقامی لوگوں کے چہروں پر جو خوشی نظر آئی ہے وہ دیدنی ہے ۔

اس ایونٹ کے تناظر میں کراچی میں تعینا ت چین کے قونصل جنرل لی بی جیان نے اپنے خصوصی پیغام میں پاک چین دوستی فٹ بال میچ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی اورکہا کہ اس طرز کے کھیلوں کے مقابلے پاکستان اور چین کے عوام کے درمیان رشتوں کو مضبوط بنانے سمیت مقامی سطح پر پائے جانے والے ٹیلنٹ کو ابھارنے کا بھی بہترین ذریعہ ہیں ۔ چین کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ وہ اس طرح کی مثبت سر گرمیوں کو فروغ دینے اور کوآپریٹ کرنے میں تعاون کرے ۔ اس ایونٹ سے چین اور پاکستان کے عوام کے درمیان روابط مزید مضبوط ہوں گے ۔ گوادر میں فٹ بال کا کھیل بہت مقبولیت رکھتا ہے اور پاک چین دوستانہ فٹ بال ٹورنامنٹ اس کھیل کو مقامی سطح پر پروان چڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا ۔ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن گوادر کے صدر میر ارشد کلمتی نے کہا کہ چین کے تعاون اور آئی آئی آر ایم آر کے اشتراک سے اس ایونٹ کے انعقاد سے نوجوانوں میں فٹ بال کے کھیل کو فروغ ملے گا ۔گوادر کے نوجوان فٹ بال کے کھیل میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں اور حالیہ ایونٹ اس کھیل کے فروغ میں مزید معاون ثابت ہوگا ۔