رواں سال جون کے وسط سے پاکستان میں شدید بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب اور دیگر آفات نے شدید جانی اور مالی نقصان پہنچایا ہے۔ سیلاب کے بعد صوبہ سندھ میں کچھ کسانوں کو اپنے مال مویشی کم قیمت پر فروخت کرنا پڑے ہیں کیونکہ وہ مویشی پالنے کی استطاعت نہیں رکھتے تھے۔
پاکستان کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے اعداد و شمار کے مطابق، 14 جون سے شروع ہونے والی بارشوں کے بعد سے، پاکستان بھر میں 930000 سے زیادہ مویشی ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ صرف صوبہ سندھ میں ہی 208000 سے زیادہ مویشی ہلاک ہوئے ہیں، ملک بھر میں 800000 ہیکٹر سے زائد رقبے پر فصلیں سیلاب کی نذر ہو گئی ہیں۔ پاکستانی حکومت کے ابتدائی تخمینے کے مطابق سیلاب سے ہونے والے معاشی نقصانات 10 ارب امریکی ڈالر سے تجاوز کر چکے ہیں۔