امریکہ ، برطانیہ اور دیگر مغربی ممالک استعمار کی تاریخی غلطیوں سے سبق سیکھیں ، چینی مندوب

2022/09/29 11:13:08
شیئر:
جنیوا میں اقوام متحدہ کے دفتر اور سوئٹزرلینڈ میں دیگر بین الاقوامی تنظیموں میں چین کے نائب مستقل نمائندے لی سونگ نے اٹھائیس تاریخ کو  اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے51ویں اجلاس میں "انسانی حقوق  پر استعمار کی میراث کے منفی اثرات" کے موضوع پر ایک سمپوزیم سے خطاب کیا۔ انہوں نے  امریکہ، برطانیہ  اور دیگر مغربی ممالک پر زور دیا کہ وہ استعمار کی تاریخی غلطیوں سے سیکھیں اور اپنی غلطیوں  کو درست کرنے کے لیے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت اکیسویں صدی میں داخل ہو چکی ہے لیکن استعمار کے متعدد تاریخی مسائل  بدستور حل طلب ہیں ۔ انسانی حقوق کی ترقی کے حوالے سے نو آبادیات میں شامل سابق ممالک کے آزادانہ انتخاب کا احترام کیا جائے ۔ چین متعلقہ ممالک سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ انسانی حقوق کے بہانے دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت بند کریں ۔ چینی نمائندے  لی سونگ نے مزید کہا کہ سابق نوآبادیاتی ممالک کے لیے اقتصادی امداد میں اضافہ کیا جائے ۔ کووڈ -۱۹وبا کے پھیلاؤ کے تناظر میں، ترقی یافتہ ممالک کو قرضوں سے نجات، ترقیاتی امداد،  اور ٹیکنالوجی کی منتقلی وغیرہ میں مزید ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں، تاکہ سابق نوآبادیاتی ممالک کو ترقی کے حق کے حصول میں مدد مل سکے ۔