چینی صدر شی جن پھنگ اور جاپانی وزیر اعظم فومیو کشیدا کے درمیان تہنیتی پیغامات کا تبادلہ

2022/09/29 11:04:14
شیئر:

29ستمبر کو صدر شی جن پھنگ نے چین اور جاپان کے سفارتی تعلقات کو معمول پر لانے کی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر جاپانی وزیر اعظم فومیو کشیدا کے ساتھ  تہنیتی  پیغامات کا تبادلہ کیا۔
شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ گزشتہ 50 سالوں کے دوران دونوں حکومتوں اور عوام کی مشترکہ کوششوں سے دونوں فریق یکے بعد دیگرے چار سیاسی دستاویزات اور اہم اتفاق رائے تک پہنچے ہیں۔ اس سے علاقائی اور عالمی امن اور ترقی کو  فروغ مل رہا ہے۔شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ وہ چین جاپان تعلقات کی ترقی کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور  وزیر اعظم فومیو کشیدا کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں تاکہ فریقین سفارتی تعلقات کو معمول پر لانے کی 50 ویں سالگرہ کو ایک موقع کے طور پر لیتے ہوئے  نئے عہد کے تقاضوں سے ہم آہنگ چین۔جاپان تعلقات کی تعمیر کے لیے مل کر کام کر سکیں۔
فومیو کشیدا نے کہا کہ 50 سال قبل جاپان اور چین کے رہنماؤں کی پرانی نسل نے تزویراتی سوچ اور سیاسی جرات کو برقرار رکھا اور جاپان اور چین کے تعلقات کے ایک نئے تاریخی عمل کا آغاز کیا۔ گزشتہ 50 سالوں میں جاپان اور چین نے معیشت، ثقافت اور افرادی تبادلے جیسے وسیع شعبوں میں تعاون میں بڑی پیش رفت دکھائی ہے۔ جاپان۔ چین تعلقات کے ایک نئے مستقبل کی تشکیل کے لیے دونوں فریقوں کا ہاتھ ملانا بہت اہمیت کا حامل ہے۔ جاپان چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے تاکہ اگلے 50 سالوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے، تعمیری اور مستحکم جاپان۔چین تعلقات کو فروغ دیا جا سکے اور مشترکہ طور پر دونوں ممالک، خطے اور دنیا کے امن اور خوشحالی کو فروغ مل سکے۔
اسی روز وزیر اعظم لی کھہ چھیانگ اور فومیو کشیدا کے درمیان بھی تہنیتی پیغامات کا تبادلہ کیا گیا۔