چین اورارجنٹائن جامع تزویراتی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے لیے پرعزم

2022/09/29 11:08:56
شیئر:

28ستمبر کو بیجنگ میں چین اور ارجنٹائن کے درمیان عوامی تبادلے کا اعلیٰ سطحی فورم منعقد ہوا۔ سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے پولیٹیکل بیورو کے رکن اور مرکزی شعبہ تشہیر کے سربراہ ہوانگ کھون منگ نے فورم میں شرکت کی۔ انہوں نے صدر شی جن پھنگ کا تہنیتی پیغام پڑھ کر سنایا اور فورم سے خطاب بھی کیا۔ چین میں ارجنٹائن کے سفیرسبینو وکا نارواجانے صدر فرنانڈیز  کا تہنیتی پیغام پڑھ کر سنایا۔

ہوانگ کھون منگ نے کہا کہ دونوں رہنماوں کے پیغامات اس بات کی مکمل عکاسی کرتے ہیں کہ دونوں سربراہان مملکت نئے عہد میں چین۔ارجنٹائن تعاون کو اہمیت دیتے ہیں اور چین۔ارجنٹائن جامع تزویراتی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے اور دو طرفہ افرادی و ثقافتی تبادلوں اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چین اور ارجنٹائن دونوں اہم ابھرتی ہوئی منڈیاں اور ترقی پذیر ممالک ہیں اور دونوں کو وبا کے بعد کی اقتصادی بحالی اور لوگوں کی زندگی اور خوشحالی کو بہتر بنانے کے اہم اہداف درپیش ہیں۔ امید ہے کہ دونوں ممالک کے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد مضبوطی سے مشترکہ طور پر خوشحالی اور ترقی کو فروغ دینے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر چلیں گے ،معاشی اور تجارتی تعاون کو فروغ دیں گے، مواصلات اور تعاون کو مضبوط کریں گے اور تمام بنی نوع انسان کی مشترکہ اقدار کو بھرپور طریقے سے فروغ دیں گے تاکہ ایک منصفانہ، بامقصد، مثبت اور صحت مند معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس فورم اور تبادلہ خیال نے نئے عہد میں بنی نوع انسان کے ہم نصیب سماج اور چین۔لاطینی امریکہ ہم نصیب سماج  کی تعمیر کو فروغ دینے میں مزید مثبت توانائی ڈالی ہے۔