خلائی اسٹیشن پر موجود تمام کوڑا کرکٹ کہاں جاتاہے؟

2022/10/01 15:43:00
شیئر:

حال ہی میں، چائنا میڈیا گروپ اور چائنا سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میوزیم کی طرف سے مشترکہ طور پر منعقدہ "خلا کا سوال" نامی انٹرایکٹو سرگرمی میں، یانگ لی وئی،جو خلا میں داخل ہونے والے پہلے چینی خلاباز اور چین کے انسان بردار خلائی منصوبے کے ڈپٹی چیف ڈیزائنر ہیں ، انہوں نے انٹرنیٹ کے ذریعے دنیا بھر کے نوجوان دوستوں کے سوالات کے جوابات دئیے۔

چین کے صوبہ سی چھوان سے تعلق رکھنے والے ایک بچے چو جینگ سونگ نے سوال اٹھایا کہ خلائی اسٹیشن پر موجود کوڑا کرکٹ سے کیسے نمٹا جاتا ہے؟ "خلابازوں کی طویل مدتی خلائی زندگی میں، خلاباز گھر یلو  فضلہ جات  جیسے کہ بچا ہوا کھانا، پاخانہ اور پیشاب وغیرہ  سے کیسے نمٹتے ہیں؟ کیا اسے براہ راست خلا میں پھینکا جاتا ہے؟"

اس سوال کے جواب میں، یانگ لی وئی نے کہا کہ "ہم خلا میں بہت سا کوڑا کرکٹ  پیدا کرتے ہیں، نہ صرف گھریلو کوڑا کرکٹ ، بلکہ بہت زیادہ تجرباتی کوڑا کرکٹ بھی۔ خلا میں، خلاباز اس کوڑا کرکٹ  کو چھانٹتے ہیں اور اس کو ٹھکانے لگانے کا اتنظام کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر، گھریلو کوڑا کرکٹ کے لیے، ہم اس میں سے پانی کو کم کرتے ہیں، اس کی بو کو کم کرتے ہیں اور  پھر ویکیوم مشین کی مدد سے کوڑے کے بیگ سے ہوا خارج کر دیتے ہیں۔ اس کے بعد تمام کوڑا ایک بیگ میں ڈال کر کارگو جہاز میں رکھ دیا جاتا ہے۔ مشن کی تکمیل  کے بعد جیسے ہی کارگو جہاز کرہ ارض کی فضا میں داخل ہوتا ہے۔ اس کے کچھ حصوں کے ساتھ یہ کوڑا کرکٹ وہیں جل جاتا ہے۔ اسے  خلا میں نہیں پھینکا جاتا۔