"نورڈ اسٹریم-۲" قدرتی گیس پائپ لائن سے اب گیس نہیں نکل رہی

2022/10/02 15:56:32
شیئر:

یکم اکتوبر کو ڈنمارک کی توانائی ایجنسی کے مطابق، نورڈ اسٹریم گیس پائپ لائن کو چلانے والی نورڈ اسٹریم اے جی کمپنی کی طرف سے فراہم کردہ معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ نورڈ اسٹریم-۲ گیس پائپ لائن میں دباؤ اب مستحکم ہو گیا ہے، یعنی پائپ لائن میں جو بھی قدرتی گیس باقی رہ گئی ہے اسے نکال دیا گیا ہے۔فی الحال، "نورڈ اسٹریم-۱" قدرتی گیس پائپ لائن کا خالی ہونا ابھی تک واضح نہیں ہے۔
اسی دن جرمن میڈیا کے مطابق، "نورڈ اسٹریم-۲" قدرتی گیس پائپ لائن کے ترجمان نے کہا کہ پائپ لائن میں ہوا کا دباؤ اور پانی کا دباؤ متوازن ہو گیا ہے، اور پائپ لائن سے اب گیس نہیں نکل رہی۔
30 ستمبر کو ڈنمارک اور سویڈن کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بحیرہ بالٹک میں نورڈ اسٹریم گیس پائپ لائن کو متاثر کرنے والے چار لیک پانی کے اندر دھماکوں کی وجہ سے ہوئے جو سینکڑوں کلو گرام دھماکہ خیز مواد کے برابر تھے۔دونوں ممالک نے کہاکہ "تمام دستیاب معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ یہ دھماکے دانستہ کارروائیوں کا نتیجہ تھے۔" تاہم، دھماکے کی وجہ ایک معمہ بنی ہوئی ہے کیونکہ واشنگٹن اور ماسکو دونوں نے ذمہ داری سے انکار کیا ہے۔
اس کے علاوہ، سویڈن، ڈنمارک، ناروے، فن لینڈ اور آئس لینڈ کے وزرائے دفاع نے 30 ستمبر کو ایک مشترکہ بیان میں کہاکہ "اس بات کو مسترد نہیں کیا جا سکتا کہ یہ یورپ کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر ایک خطرناک حملہ ہے اور کشیدہ سیکورٹی کی صورتحال کو مزیدنقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔"