نورڈ اسٹریم لیکج ایریا کو تحقیقات کے لیے گھیرے میں لے لیا گیا ہے، سویڈش پراسیکیوشن اتھارٹی

2022/10/04 16:03:13
شیئر:

سویڈش پراسیکیوشن اتھارٹی کی جانب سے پیر کو ایک پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ گیس لیکج معاملے کی تفصیلی تحقیقات کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ سویڈش کوسٹ گارڈ نے پیر کے روز سویڈش علاقے میں نورڈ اسٹریم کے متاثرہ حصوں کے اردگرد ہر قسم کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔ سویڈش کوسٹ گارڈ کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ پائپ لائن کے متاثرہ حصے کے اردگرد پانچ سمندی میل تک جہاز لنگر اندازکرنے ، غوطہ خوری، مچھلی کے شکار ، جہاز وں کے گزرنے اور جیو فزیکل میپنگ پر پابندی ہوگی۔ ایک ہفتہ قبل لیکج کی پہلی اطلاع کے بعد سے ہی  سویڈش میری ٹائم اتھارٹی نے اس علاقے کے لیے بحری انتباہ جاری کردیا تھا۔ قریبی علاقے میں فضائی ٹریفک کا رخ بھی موڑ دیا گیا تھا۔

علاقے میں زلزلہ نما  سرگرمیوں کے تجزیے سے بعد  دھماکوں سے مطابقت رکھنے والے دو  پیٹرنز کا انکشاف ہوا۔  ایک  پیٹرن پیر 26 ستمبر کی صبح، اور دوسرا اسی روز شام کو ریکارڈ کیا گیا۔

یہ پائپ لائنیں روس سے جرمنی تک گیس لے جانے کے لیے بنائی گئی تھیں۔سویڈش حکومت نے کہا ہے کہ ممکنہ طور پر یہ دھماکے جان بوجھ کر کیے گئے تھے لیکن ابھی یہ قیاس آرائی کرنے سے گریز کیا جا رہا ہے کہ ان  دھماکوں کے پیچھے کون ہوسکتا ہے۔ڈینش ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو لکھے گئے ایک مشترکہ خط میں، سویڈن اور ڈنمارک کی حکومتوں نے کہا کہ یہ دھماکے ممکنہ طور پر سینکڑوں کلو بارودی مواد کی وجہ سے ہوئے ہیں۔