امریکی قومی قرض 31 ٹریلین ڈالر سے متجاوز

2022/10/05 16:41:13
شیئر:

امریکی محکمہ خزانہ کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق  وفاقی حکومت کے قرضوں کا حجم 31 ٹریلین امریکی ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے، جو کہ 31.4 ٹریلین امریکی ڈالر  کی قانونی حد کے قریب پہنچ رہا ہے۔امریکی حکومت کے مالی اخراجات میں مسلسل توسیع اور شرح سود میں مسلسل اضافے کے تناظر میں، امریکی حکومت کے قرضوں میں اتنی تیزی سے اضافہ تشویش کا باعث بن چکا ہے۔ 
امریکہ کی پیٹر پیٹرسن فاؤنڈیشن نے نشاندہی کی کہ کووڈ-۱۹ کی وبا  پھیلنے سے پہلے ہی امریکی مالیاتی اخراجات ایک غیر پائیدار راستے پر چل نکلے تھے اور اس وبا نے امریکہ کے مالی چیلنجز میں تیزی سے اضافہ کیا ہے۔ فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹیو مائیکل پیٹرسن نے کہا کہ وفاقی قرضوں کا بڑھنا مالیاتی مسائل پر کانگریس میں ڈیموکریٹس اور ریپبلکن دونوں کی طرف سے بار بار  دکھائی جانے والی "غیر ذمہ داری" کا نتیجہ ہے۔
فاؤنڈیشن کے 4 تاریخ کے اعدادوشمار کے مطابق، 31 ٹریلین امریکی ڈالر کا یہ قرض چین، جاپان، جرمنی اور برطانیہ کے مشترکہ اقتصادی حجم سے بھی  زیادہ ہے۔ 
بڑھتے ہوئےقرض کے باعث امریکہ موسمیاتی تبدیلی، اگلی کسی بھی وبا سے بہتر طور پر نمٹنے اور ایک جامع معیشت کی تعمیر کرنے میں نااہلی کا شکار ہو سکتا ہے۔
اس کے علاوہ، اقتصادی ماہرین کی عمومی رائے ہے کہ اگر امریکہ  واقعی قرض نادہندہ ہو جاتا ہے، تو اس کے نتائج زیادہ سنگین ہوں گے، یہاں تک کہ اس سے بین الاقوامی مالیاتی بحران بھی متحرک ہو سکتا ہیں۔