کریمیا پل پر بمباری یوکرین کی طرف سے منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا 'دہشت گردانہ حملہ' تھا۔ روسی صدر 

2022/10/10 10:04:11
شیئر:

نو اکتوبر کو روسی صدر ولادیمیر پوتن نے روسی تحقیقاتی کمیٹی کے چیئرمین باستریکن کی طرف سے کریمیا پل دھماکے کی تحقیقات کے نتائج سننے کے بعد  کہا کہ 8 تاریخ کو کریمیا پل پر ہونے والے دھماکے کی منصوبہ بندی یوکرین کی خفیہ سروس نے کی تھی۔ یہ "حساس بنیادی شہری تنصیبات  پر دہشت گردانہ حملہ" تھا۔
روسی صدر کی ویب سائٹ پر جاری خبر کے مطابق باستریکن نے پوٹن سے ملاقات کی اور انہیں کریمیا پل دھماکے کی تحقیقات سے مطلع کیا ۔ باستریکن نے بتایا کہ روسی تفتیش کاروں نے دھماکہ کرنے والے  ٹرک کے راستے اور ٹرک کیرئیر کا تعین کر لیا ہے اور اس حملے کی منصوبہ بندی کرنے والے مشتبہ افراد کی شناخت بھی کر لی گئی  ہے۔
8 اکتوبر  کو  کریمیا برج پر ایک ٹرک میں دھماکہ ہوا جس سے روس اور کریمیا کو ملانے والے رابطہ پل کے متوازی ریلوے برج پر موجود مال بردار ٹرین کے سات تیل بردار ٹینکر جل گئے جب کہ رابطہ پل کا کچھ حصہ بھی منہدم ہو گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق  واقعے میں تین افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
آٹھ اکتوبر کو یوکرین کی وزارت دفاع نے سوشل میڈیا پر تصدیق کی کہ کریمیا پل پر دھماکہ ہوا، تاہم مزید کوئی بیان نہیں دیا گیا۔