اقوام متحدہ کی قیادت میں بین الاقوامی نظام کو برقرار رکھا جائے گا، چینی وزارت خارجہ

2022/10/24 17:02:51
شیئر:

24 تاریخ کو چینی وزارت خارجہ کی باقاعدہ پریس کانفرنس میں ایک رپورٹر نے سوال کیا کہ چوبیس تاریخ اقوام متحدہ کا دن اور اقوام متحدہ کی 77 واں سالگرہ ہے۔ اقوام متحدہ  کی سلامتی کونسل کے بانی رکن اور مستقل رکن کی حیثیت سے چین آج کی دنیا میں اقوام متحدہ کے کردار کو کس نظر سے دیکھتا ہے؟
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بین نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کو اس کی 77ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ دنیا میں سب سے زیادہ عالمگیریت کی حامل، نمائندہ اور مستند  بین الاقوامی تنظیم کے طور پر، اقوام متحدہ کثیرالجہتی کو فروغ دینے پر اصرار کرتی ہے اور عالمی امن کو برقرار رکھنے اور مشترکہ ترقی کو فروغ دینے میں ایک اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل رکن اور اقوام متحدہ کے چارٹر پر دستخط کرنے والے پہلے ملک کے طور پر، چین ہمیشہ اقوام متحدہ کے  چارٹر کے اصولوں کو برقرار رکھتے ہوئے  بین الاقوامی امور میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کی حمایت کرتا ہے، چین غیرمتزلزل طور پر عالمی امن کا معمار ،عالمی ترقی میں حصہ لینے والا اور بین الاقوامی نظام کا محافظ ہے۔
وانگ وین بین نے نشاندہی کی کہ دنیا، زمانے اور تاریخ میں موجودہ تبدیلیاں بے مثال انداز میں سامنے آ رہی ہیں اور انسانی سماج کو بے مثال چیلنجز کا سامنا ہے۔ چین اس بات کی وکالت کرتا ہے کہ تمام ممالک حقیقی کثیرالجہتی پر عمل کریں، اقوام متحدہ کے ساتھ بین الاقوامی نظام کی حفاظت کریں، بین الاقوامی قانون پر مبنی بین الاقوامی نظام اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے مطابق بین الاقوامی تعلقات کے بنیادی اصولوں کی حفاظت کریں تاکہ بنی نوع  انسان کے ہم نصیب معاشرے کی مشترکہ تعمیر کی جاسکے۔