وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے دورہ چین سے قبل چینی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے چین کی ترقیاتی کامیابیوں ،چین -پاک تعلقات اور چین پاک اقتصادی راہداری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی بیسویں قومی کانگریس کے بعد چین کا دورہ کرنے کے منتظر ہیں ۔ اکتیس اکتوبر کو منعقدہ پریس کانفرنس میں اس حوالے سے بات کرتے ہوئے چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان چاو لی جیان نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کےخیالات سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ دورہ چین کو بے حد اہمیت دیتے ہیں اور یہ چین اور پاکستان کے بہترین تعلقات نیز دونوں ممالک کے عوام کے درمیان گہری دوستی کا بھی اظہار ہیں ۔
ترجمان نے کہا کہ چین، چین پاک اقتصادی راہداری کی حاصل کردہ اہم نتائج کو بھی بے حد سراہتا ہے۔سی پیک ،دی بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے فلیگ شپ پراجیکٹ کی حیثیت سے چین- پاک تعاون کی مثال بن چکا ہے اور اس نے پاکستان کی معاشی و معاشرتی ترقی اور عوام کی زندگی میں بہتری لانے میں بھی اہم اور مثبت کردار ادا کیا ہے ۔حال ہی میں چین -پاک اقتصادی راہداری مشترکہ تعاون کمیٹی کی گیارہویں کانفرنس کا کامیاب انعقاد ہوا، جس میں اگلے مرحلے میں راہداری کی تعمیر و ترقی پر متعدد اتفاق رائے طے پائے ۔
چاو لی جیان نے توقع ظاہر کی کہ وزیراعظم پاکستان کے دورہ چین سے پاکستان کے ساتھ مل کر سٹریٹیجک تعاون کو آگے بڑھایا جائے گا تاکہ چین- پاک دوستی کو مزید زیادہ کامیابیاں ملیں اوریہ عوام کے لیے بھی فائدہ مند ہو۔